• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

کورونا وائرس کا بڑھتا رجحان: مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں، این سی او سی

شائع October 31, 2020
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں لہٰذا صوبے انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے این سی او سی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر تمام صوبوں کو ہدایات جاری کی گئیں کہ کورونا وائرس کی متوقع صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: ’70 روز میں پہلی مرتبہ کورونا کیسز کی مثبت شرح 3 فیصد سے بڑھ گئی‘

این سی او سی نے تمام صوبوں کو ہدایات کی کہ وہ ہسپتال میں موجودہ طبی سہولیات کا جائزہ لیں اور صلاحیت میں اضافے کے لیے ضروری اقدامات کریں، ساتھ ہی تمام صوبے جاری شدہ ہدایات کے مطابق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اضافے کی صورت میں مزید سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں، جس کے لیے صوبے انتظامی تیاری مکمل رکھیں۔

ایس او پیز پر عمدرآمد کیلئے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ

قبل ازیں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اور این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ دوسری لہر کی آمد کے ساتھ ایس او پیز کے بڑے پیمانے پر جاری خلاف ورزیوں کو دیکھتے ہوئے این سی او سی نے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے شہریوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے لہٰذا آپ جہاں بھی رش والی جگہ ہوں وہاں ماسک پہننے، سماجی فاصلے سے متعلق خلاف ورزی دیکھیں، ایک تصویر لیں اور مقام کے ساتھ اس نمبر 03353336262 پر بھیج دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

گزشتہ دنوں اسد عمر نے انکشاف کیا تھا کہ قومی سطح پر کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’70 سے زائد دن کے بعد قومی سطح پر کیسز مثبت آنے کی شرح 3 فیصد سے بڑھ گئی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 12 ہزار سے بڑھ گئے

انہوں نے کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے کچھ ایسی عوامی سرگرمیوں پر پابندیاں لگائی ہیں جن میں خطرے کا امکان زیادہ ہے، بیماری میں اس اضافے کو صرف اس وقت روکا جاسکتا ہے جب عوام احتیاطی تدابیر کی ضرورت پر یقین کریں‘۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت نے 3 روز قبل فیصلہ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ 11 شہروں میں تمام تجارتی مراکز رات 10 بجے اور پارکس شام 6 بجے بند کردیے جائیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد اس وقت 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہے جس میں سے 3 لاکھ 14 ہزار 66 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 806 کا انتقال ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024