اپوزیشن کا اتحاد دسمبر تک ٹوٹ جائے گا، فیاض الحسن چوہان
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ دسمبر تک اپوزیشن کا اتحاد ٹوٹ جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور شہباز شریف کی فیملی کا جاتی امرا میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم صفدر جتنا کھل کر کھیلیں گی خود کو نقصان پہنچائیں گی جبکہ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو اپنے نام رجسٹر کروانے کی تیاری کر لی ہے اور اس حوالے سے انہوں نے قانونی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی اس بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے اور انہوں نے (ن) لیگ کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ آپ کے بیانیے کے ساتھ نہں چل سکتے۔
فیاض الحسن چوہان نے وفاق اور دیگر اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایاز صادق سمیت جو بھی بھارتی بیانیے کے ساتھ چل رہے ہیں انہیں گرفتار کر کے نشان عبرت بنایا جائے۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ مکس اچار پارٹی دسمبر نہں دیکھ سکے گی اور اپوزیشن کا اتحاد ٹوٹ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے 3 ارب ڈالر جاری ہوئے اور یہی پیسہ پی ڈی ایم کے جلسوں پر لگایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن کو حکمت عملی کے تحت جلسے، جلوسوں کا موقع دیا گیا تاکہ ان کے عزائم کھل کرعوام کے سامنے آسکیں جبکہ دوسرے مرحلے میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔