• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا وائرس کے دوران خدمات سرانجام دینے پر علی ظفر کیلئے ’شان پاکستان‘ ایوارڈ

شائع October 29, 2020
گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد تقریب میں وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے خدمات سرانجام دینے والی 38 شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا— فوٹو: ٹوئٹر
گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد تقریب میں وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے خدمات سرانجام دینے والی 38 شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا— فوٹو: ٹوئٹر

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران لوگوں کی مالی مدد کرنے پر پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کو حکومت پاکستان کی جانب سے شانِ پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ’شان پاکستان’ ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران ملک میں خدمات سرانجام دینے والوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازا گیا تھا۔

تقریب میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: علی ظفر’ نمل نالج سٹی’ کے سفیر مقرر

اس موقع پر ملک میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، طبی عملے، این جی اوز کے ہیروز سمیت سیکیورٹی و حکومتی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے دوران صدر مملکت نے گورنر ہاؤس میں بنائی گئی کورونا ہیروز وال کا افتتاح بھی کیا۔

مذکورہ تقریب میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کا مقابلہ کرتے ہوئے بھرپور خدمات سرانجام دینے والی 38 شخصیات کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق تقریب میں کورونا وائرس سے شہید ہونے والے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال، سروسز ہسپتال کے شہید پروفیسر حافظ مقصود احمد، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس شہید ڈاکٹر معصود قصری سمیت دیگر شہید ڈاکٹرز کو بھی شانِ پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا جو ان کے اہلخانہ نے وصول کیا۔

علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے بزنس کیمونٹی کے گوہر اعجاز، انوار اے غنی، میاں طلعت محمود، میاں انجم نثار اور میاں احسن کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔

تقریب میں اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، الخدمت فاونڈیشن کے محمد عبدالشکور اور المائدہ ٹرسٹ کے محمد علی سمیت دیگر شعبوں میں وبا کے خلاف خدمات سرانجام دینے والوں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سول ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر علی ظفر کا خوشی کا اظہار

اس موقع پر حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن میں خدمات سرانجام دینے والے گلوکار علی ظفر کی فلاحی تنظیم علی ظفر فاؤنڈیشن کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔

تقریب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کووڈ-19 کے دوران انسانیت دوستی پر گلوکار علی ظفر کو ’شان پاکستان’ ایوارڈ سے نوازا۔

خیال رہے کہ ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران علی ظفر فاؤنڈیشن نے موسیقاروں، ٹرانسجینڈرز اور اقلیتوں سمیت تقریباً 11 ہزار خاندانوں کو راشن فراہم کیا اور ان کی مالی مدد کی تھی۔

یاد رہے کہ مارچ میں ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد علی ظفر نے موسیقی کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دینے کے لیے ’کو کو کورونا’ گانا بھی جاری کیا تھا۔

علی ظفر نے ماضی کے مشہور گانے 'کو کو کورینا' کو تبدیل کرتے ہوئے 'کو کو کورونا' گانا تیار کیا جس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی تھی۔

مزید پڑھیں: علی ظفر کے کورونا وائرس پر بنائے گانے سے شائقین ناراض

تاہم انہیں اس گانے پر صارفین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں علی ظفر کو نمل نالج سٹی کا سفیر مقرر کیا تھا۔

اس سے قبل اگست میں صدر مملکت کی جانب سے سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا تھا جن میں علی ظفر کا نام بھی شامل تھا۔

تاہم گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے 2018 میں علی ظفر پر لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کے باعث کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں سول ایوارڈ دینے اور نمل نالج سٹی کا سفیر مقرر کرنے پر تنقید بھی کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024