سام سنگ فونز میں اسپام کالز آٹو بلاک کرنے کا فیچر متعارف
بہت جلد سام سنگ کے اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے روبو کالز اور دیگر غیر مطلوب فون کالز سے بچنا آسان ہوجائے گا۔
سام سنگ کے فونز میں خودکار طور پر اسپام کالز کو اسمارٹ کال فیچر کے ذریعے بلاک کرنے کے لیے کمپنی نے ہایا نامی کمپنی سے معاہدہ کیا ہے۔
ہایا ایک اسپال اور کال ڈیٹکشن کمپنی ہے جس کی ٹیکنالوجی کو سام سنگ کی جانب سے اپنے فونز میں اسپام اور فراڈ کال کی شناخت کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
مگر اب اس سروس کو مزید توسیع دے کر سام سنگ کے ون یو آئی 2.5 یوزرانٹرفیس پر چلنے والی ڈیوائسز مین خودکار طور پر اس طرح کی کالز کو بلاک کردیا جائے گا۔
یہ اینٹی اسپام کال فیچر سب سے پہلے گلیکسی نوٹ 20 سیریز کے فونز میں متعارف کرایا گیا ہے اور بہت جلد دیگر نئے فونز کا حصہ بن جائے گا۔
سام سنگ کا ہایا سے معاہدہ 2025 تک برقرار رہے گا۔
ویسے یہ بالکل منفرد خیال ہیں، اس سے قبل گوگل کی جانب سے پکسل فونز میں ایک کال اسکریننگ فیچر متعارف کرایا گیا تھا جو فراڈ کالز کی روک تھام کرتا ہے۔
مگر سام سنگ دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جس کے اسمار فونز کروڑوں افراد استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے یہ نیا فیچر فراڈ اور دیگر اسپام کالز سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا۔
ویسے تو امریکا اور چند ممالک میں اس طرح کی اسپام کالز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے مگر سام سنگ کا یہ نیا فیچر ان ممالک میں زیادہ موثر ہوگا جہاں کسی قسم کا تحفظ دستیاب نہیں۔
سام سنگ کا یہ نیا فیچر بہت جلد گلیکسی ایس 20، ایس 9 سیریز، گلیکسی نوٹ 10 سیریز اور کچھ اے سیریز فونز میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
ویسے ہایا کی ایپ بھی اس طرح کا تحفظ فراہم کرتی ہے مگر اسے پہلے انسٹال کرکے فونز کی سیٹنگز میں تبدیلی کرنا ہوتی ہے، سام سنگ فونز میں وہ خودکار طور پر کام کرے گی۔
ہایا کا کہنا ہے کہ اس وقت 40 ممالک میں اس کی سروس تمام شرائط پر پورے اترنے والے فون میں کام کرتی ہے اور وہ بہت جلد دیگر ممالک کو بھی اپنی سروسز کا حصہ بنائے گی۔