کوئٹہ میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ دھماکا کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ہوا ہے، جس کے بعد ریسکیو، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
رپورٹ میں پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے جبکہ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج کوئٹہ میں ہی اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کی بنیاد یہ جلسہ مؤخر کرنے کا کہا تھا۔
اسی خطرے کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی تھی جبکہ موبائل سروس کو بھی آج معطل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بلوچستان گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے، جس کے پیچھے بیرون دشمنوں کا ہاتھ ہونے کے بارے میں بھی کہا جاتا ہے۔
اس سے قبل 14 اکتوبر کو کوئٹہ کے اسمنگلی روڈ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں پر دستی بم پھیکا، جس کے پھٹنے سے 7 شہری زخمی ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل تھے۔
قبل ازیںاگست کے مہینے میں صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس افسر نے بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔
قبل ازیں جولائی میں بلوچستان کے شہر تربت کے بازار میں دھماکے کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل مئی کے مہینے میں بلوچستان میں ایک بم دھماکے اور عسکریت پسندوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔