• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی وزیر اعظم سے بات کرنا پڑی تو کروں گا، عمران خان

شائع October 23, 2020
وزیراعظم نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اپوزیشن پر شدید تنقید کی — اسکرین شاٹ
وزیراعظم نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں اپوزیشن پر شدید تنقید کی — اسکرین شاٹ

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور اپوزیشن کے سارے لوگ دشمن قوتوں سے ملے ہوئے ہیں اور جلسوں کے ذریعے فوج اور عدلیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ وہ مجھ سے انہیں 'این آر او' دینے کو کہیں۔

نجی ٹی وی ‘اے آر وائی نیوز’ کے پروگرام ‘دی رپورٹرز’ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ سب چاہتے ہیں کہ عمران خان ان کی کرپشن کو چھوڑ دے اس لیے جمع ہوگئے ہیں تاکہ میں بھی مشرف کی طرح دباؤ میں آکر ان کو این آر او دے دوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھ سے پہلے اسحٰق ڈار، شہباز شریف کا بیٹا بھاگا اور نواز شریف کے بیٹے بھی باہر ہیں، ان سے کوئی پوچھتا ہے تو کہتے ہیں ہم برطانوی شہری ہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو فوج نے پال کر سیاست دان بنایا، وزیراعظم

وزیر اعظم نے کہا کہ لندن میں وہ مہنگے ترین علاقے میں مقیم ہیں اور اس لیے بھاگے ہیں کیونکہ ان کے پاس جائیداد کا کوئی جواب نہیں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پہلے میرے پیچھے پڑے تھے لیکن اب فوج کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برٹش ورجن نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ برطانیہ میں ان کے چاروں فلیٹس کی مالکن مریم نواز ہیں اور اس پر کوئی جواب نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پہلے دن سے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سمجھ رہے تھے کہ پاکستان کی معیشت دیوالیہ ہوجائے گی اور اگر دیوالیہ ہوجاتا تو روپے کی قدر 200 یا 250 روپے تک گر جاتی لیکن وہ نہیں ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ پھر کووڈ-19 کا مسئلہ آیا اور شہباز شریف اس لیے واپس آئے تھے کہ کووڈ کی وجہ سے پاکستان بیٹھ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے این آر او لینے کی آخری کوشش ایف اے ٹی ایف پر کی گئی اور سمجھا گیا کہ قانون کے لیے میں گھٹنے ٹیک دوں گا جب وہ نہیں ہوا اور قانون سازی ہوئی تو چپ کر بیٹھے ہوئے باپ، بیٹے باہر نکلے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا حملہ آرمی چیف پر نہیں بلکہ فوج پر ہے، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مقصد کے لیے اب سارا دباؤ فوج اور عدلیہ پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ عمران خان سے کہیں کہ این آر او دیں۔

'اپوزیشن کے جلسے سے ہمارے لوگ بھی گھبراتے ہیں'

عمران خان نے کہا کہ میری پارٹی کے لوگ بھی گھبرا جاتے ہیں کہ جلسہ ہوگیا، جلسہ ایک جمہوری احتجاج ہے، میں نے نادان لوگوں سے کہا کہ ان کو کرنے دو۔

انہوں نے کہا کہ ان کا جرم ہے کہ 2008 سے 2018 میں پاکستان کا قرض بڑھا جس سے ہمارا اندرونی آدھا سرمایہ چلا جاتا ہے، جب یہ آئے تھے قرض 41 ارب ڈالر تھا اور 10 سال میں 100 ارب ڈالر ہوا اور ہمیں 10 ارب ڈالر دینا پڑے ہیں اور پاکستان کی تاریخ کا سب سے زیادہ قرض دینا پڑتا ہے۔

کراچی واقعے پر ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے اغوا کا سن کر مجھے ہنسی آتی ہے، میں افسوس کے ساتھ اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ سارے دشمن ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔

'یہ سارے لوگ دشمن لابی سے پوری طرح ملے ہوئے ہیں'

وزیراعظم نے اپوزیشن کے حوالے سے کہا کہ یہ بھارت، اسرائیل اور دشمن کے ساتھ پوری طرح ملے ہوئے ہیں اور امریکا میں بھارتی لابی کے ساتھ ہیں جہاں حسین حقانی اس کا سربراہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں تعریفیں ہو رہی ہیں کہ عمران خان کو نکالا جارہا ہے اور نواز شریف کو جمہوریت کا ہیرو بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، بھارت اور اسرائیل لابی سے ملے گا اور حسین حقانی جیسے آدمی سے ملے گا، یہ کن لوگوں سے ملتا ہے ان کے بارے میں آئی بی اور آئی ایس آئی کی رپورٹس آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان تین حصوں میں ٹکڑے ہو لیکن انہیں فوج سے ڈر ہے، ہمارے 20 فوجی شہید ہوئے، شیعہ سنی علما کو قتل کون کر رہا ہے؟ لیکن ہم 3 مہینوں سے تیار بیٹھے ہیں اور ان کی سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ فوج اور عدلیہ میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ اپنی دولت اور کرپشن کو چھپایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قوم ہمارے ساتھ کھڑی رہے، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں، پی آئی اے میں آج آپریٹنگ میں منافع آیا ہے، اسی طرح توانائی کے جو معاہدے کیے تھے اس سے ہماری بجلی 25 فیصد مہنگی ہے، بجلی 17 روپے پر بنتی ہے اور 14 روپے پر بیچ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے جو منصوبے انہوں نے لگائے ہیں وہ دوسرے ملکوں میں 40 فیصد کم پر بنے ہیں اور اس سے انہوں نے پیسے بنائے ہیں، گیس میں 15 سال کا معاہدہ کیا جس کی وجہ سے سستی گیس نہیں خرید سکتے، ان کے گند کی وجہ سے ہمیں مصیبت کا سامنا ہے۔

'اگر یہ واپس آگئے تو پوری قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا'

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت میں ہو یا نہ ہو ان چوروں کو واپس آنے نہیں دینا، اگر واپس آئیں گے تو ساری قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں کہ یا یہ بچیں گے یا پھر پاکستان بچے گا، اس لیے ان سے بات چیت کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کا مقصد عمران خان کو گرانا ہے اور ڈرے ہوئے ہیں کہ فلاں گیا تو میری باری آئے گی لیکن ان کی باری آئے گی اور انہیں اس لیے بھی خوف ہے کہ پاکستان درست سمت پر کھڑا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت ٹھیک ہورہی ہے اور آہستہ آہستہ سارے مسائل قابو پالیں گے، لاہور میں راوی اور کراچی میں بنڈل آئی لینڈ میں دو شہر بنا رہا ہوں جس سے روزگار کے بے پناہ مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کبھی بھی یہ منصوبہ نہیں بناسکتی کیونکہ بیرون ملک پاکستانی ان پر اعتماد نہیں کرتے جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کا مجھ پر اعتماد ہے جبکہ میں نے کہا ہے کہ ساتھ مل کر کام کریں کیونکہ فائدہ پاکستان کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان کو اربوں کو فائدہ ہوگا، پھر راوی سٹی سے لاہور بچ جائے گا کیونکہ لاہور شہر پھیل رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف جنرل جیلانی کو رشوتیں دے کر سیاست دان بنے، مولانا فضل الرحمٰن کو والد سے سیاست ملی اور دو بچوں کی بات نہیں کرنا چاہتا جبکہ میں نے صفر سے سیاست شروع کی اور پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن گئے ہیں۔

'نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے بات کر رہے ہیں’

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم برطانوی حکومت سے بات کررہے ہیں کیونکہ یہ جھوٹ بول کر گیا ہے، ہماری انہیں ڈی پورٹ کرنے کے لیے ان کے عہدیداروں سے مسلسل بات چل رہی ہے۔

وزیراعظم نے نواز شریف کی واپسی کے سوال پر کہا کہ اگر اس کے لیے مجھے جانا پڑا تو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس اس لیے تھا کہ نواز شریف واقعی بیمار ہے لیکن جھوٹ بول کر گیا، جب یہ جارہا تھا تو ہم نے لاہور ہائی کورٹ سے کہا تھا کہ 7 ارب کی ضمانت مانگیں لیکن ہماری بات نہیں مانی گئی اور شہباز شریف کی ضمانت لی گئی اس کا کیا مطلب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ نے ہمیشہ نواز شریف کی طرف داری کی، اب وقت ہے اس کو واپس لے آئیں اور جیل میں ڈالیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سوائے شہباز شریف کے ٹی ٹی کیسز کے باقی تمام کیسز پرانے ہیں لیکن یہ ہمیں دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، ہماری پوری کوشش اس ملک کو دلدل سے نکالنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا پر وہ وزیراعظم سختی کرتا ہے جس کو کچھ چھپانا ہو، آمر کو میڈیا پر اس لیے سختی کرنی پڑتی ہے کیونکہ وہ غیر قانونی کام کرتا ہے اس لیے مجھے کبھی بھی آزاد میڈیا سے کوئی خوف نہیں ہے، آزاد میڈیا کی درست تنقید سے ہماری پالیسی بہتر ہوگی اور ہم اپنی کارکردگی بہتر بنائیں گئے۔

میڈیا سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مجھے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے مسئلہ رہا ہے، باہر میڈیا کا واچ ڈاگ ساری چیزوں کو دیکھتا ہے لیکن یہاں کچھ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم اور چینی پر ہمیں بڑی مار پڑی ہے اور مجھے بڑی تکلیف ہوئی ہے، گھی اور دالیں درآمد کرتے ہیں وہ باہر مہنگے ہوگئے ہیں اس لیے کچھ نہیں کر سکتے لیکن گندم اور چینی ہماری پیداوار ہے اور دو دفعہ بارش نے نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ گندم اور چینی کی کمی کا تخمینہ لگانے والے ادارے کام نہیں کر پارہے تھے اور اب ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سپارکو کی مدد لے رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شوگر ملز نے کہا کہ ہمارے پاس چینی ہے اور حماد اظہر نے کہا کہ ہم جائزہ لیں گے اور جب جولائی میں جائزہ لیا تو پتہ چلا پوری نہیں تھی اور جب ہم نے درآمد کرنا شروع کی تو چینی مہنگی ہوئی، یہ کارٹیل بیٹھا ہوا ہے اور مل کر فیصلے کرتے ہیں، اب قوم دیکھے گی ہم کارروائی کریں گے اور ان لوگوں کو قریب نہیں آنے دیں گے۔

'اپوزیشن سے این آر او کے علاوہ تمام معاملات پر بات کرنے کو تیار ہوں'

انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن سے این آر او کے علاوہ ہر معاملے پر بات کرنے کو تیار ہوں کیونکہ مذاکرات کرنا تو جمہوریت ہے۔

اپوزیشن کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جو کرنا چاہ رہی ہے کرے میں تیار ہوں، اگر سڑکوں پر نکلنا چاہتے ہیں تو نکلیں میں تیار ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر انتخابات ہوئے تو میں خوش ہوں گا کیونکہ میں مزید واضح اکثریت سے واپس آؤں گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024