• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کوئٹہ-کراچی روڑ پر مسافر کوچ حادثے کا شکار، ایک خاندان کے 5 افراد جاں بحق

شائع October 23, 2020
کوچ میں 13 افراد سوار تھے—فوٹو:اسمٰعیل ساسولی
کوچ میں 13 افراد سوار تھے—فوٹو:اسمٰعیل ساسولی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی روڈ پر مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوئی اور آگ لگنے کے باعث ایک خاتون اور اس کے چار بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

لیویز کے عہدیدار حوالدار جمعہ خان کا کہنا تھا کہ خضدار کی تحصیل وڈھ کے علاقے کراڑو کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ میں اچانک آگ بڑک اٹھی اور آگ نے کوچ کو مکمل طور پر لپٹ میں لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچ میں 13 افراد سوار تھے، ڈرائیور کی جانب سے گاڑی کو فوری روکنے کے باوجود آگ کی شدت کے باعث ایک خاتون، ان کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں جھلس کر جاں بحق ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مکران کوسٹل ہائی وے پر بس کو حادثہ، 9 افراد جاں بحق

لیویز عہدیدار نے کہا کہ جھلس کر زخمی ہونے والے مسافروں میں خاتون کا شوہر اور ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور وڈھ ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں سے انہیں بعد ازاں خضدار سول ہسپتال بھیج دیا گیا۔

جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے تھا اور مسافر کوچ کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی۔

یاد رہے کہ نومبر 2019 میں مکران کوسٹل ہائی وے کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلا جمیل بلوچ نے کہا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس اورماڑہ سے کراچی جارہی تھی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 38 افراد سوار تھے۔

جمیل بلوچ نے بتایا تھا کہ اورماڑہ سے کراچی جانے والی بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو اورماڑہ میں پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مکران کوسٹل ہائی وے پر 14 مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کردیا گیا

اس سے قبل اکتوبر میں بلوچستان کے ضلع حب اور خضدار میں ٹریفک حادثے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔

حب میں مسافر بردار کوچ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے تھے۔

مسافر کوچ پسنی سے کراچی جارہی تھی کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب الٹ گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024