کورونا کیسز میں مسلسل پانچویں روز اضافہ،اموات بھی بڑھ گئیں
لاک ڈاؤن انتباہ جاری کرنے اور کوڈ 19 کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کی تعمیل کرنے کے مطالبے کے دو روز بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کیسز کی شرح، وائرس سے متاثرہ افراد کی اموات اور ہسپتال میں داخلوں میں اضافے کی نشاندہی کردی۔
این سی او سی کے اجلاس میں ماہرین صحت نے کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیٹا پیش کیا اور فورم کو بتایا گیا کہ مسلسل پانچویں روز کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ہے۔
گزشتہ 4 روز میں اوسطاً کورونا کے مثبت کیسسز 40 فیصد زیادہ ہیں جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں: کیا فیس ماسک کا استعمال کورونا وائرس سے سو فیصد تحفظ فراہم کرتا ہے؟
اجلاس میں یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ مظفرآباد، حیدرآباد، کراچی اور گلگت میں ملک بھر کے دیگر علاقوں کی طرح کورونا کے مثبت کیسسز کا تناسب بھی زیادہ ہے۔
خاص طور پر پنجاب میں ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے داخلوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے جبکہ ہسپتالوں میں تشویشناک حالت میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
پنجاب کے چیف سیکرٹری نے پنجاب میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز سے متعلق فورم کو اپ ڈیٹ کیا اور بتایا کہ ’یکم ستمبر کو پنجاب میں اموات کا تناسب 1.6 فیصد تھا اور آج یہ 6 فیصد ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پنجاب میں کورونا کے مثبت کیسسز کا تناسب 92 فیصد سے 1.33 فیصد تک بڑھا ہے۔
اسی طرح سے پاکستان کی موجودہ صورتحال میں کورونا کیسسز کی شرح عالمی سطح پر 2.72 فیصد کے مقابلہ میں 2.06 فیصد ہے۔
این سی او سی کا کہنا تھا کہ ’کل اموات کا 71 فیصد مرد ہیں جن میں 76 فیصد 50 سال سے زیادہ کی عمر میں ہیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: چین کی تجرباتی کورونا ویکسین تیسرے مرحلے میں محفوظ قرار
کورونا وائرس کے اشاروں میں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب دو روز قبل این سی او سی نے خبردار کیا تھا کہ اگر وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوام ایس او پیز کی تعمیل نہیں کریں گے تو وہ ایک بار پھر سروسز بند کردیں گے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے، بازاروں، شادی ہالوں، ریستورانٹس اور عوامی اجتماعات کو سب سے زیادہ خبرناک علاقوں کے طور پر قرار دیتے ہوئے این سی او سی نے صوبوں کو تجویز دی تھی کہ وہ ان پر توجہ دیں اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ڈان ڈاٹ کام کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں گزشتہ چار روز سے 100 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب میں گزشتہ چند دنوں کے دوران اموات کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔