• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، دفتر خارجہ

شائع October 22, 2020
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ  پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے — فوٹو: ڈان نیوز
زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستانی قوم کے عزم و صلاحیت اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے 'غیرضروری اور غیر ذمہ دارانہ بیان' کو یکسر مسترد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے گلگت بلتستان انتخابات پر بھارت کا بیان مسترد کردیا

گلگت بلتستان میں انتخابات کے اعلان پر بھارت نے احتجاج کیا تھا جس کے بعد ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ایک بیان جاری کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ 'بھارت کے پاس اس معاملے میں مداخلت کا کوئی قانونی، اخلاقی یا تاریخی جواز نہیں، بھارت کی جانب سے جھوٹے اور من گھڑت دعوے نہ تو حقائق کو تبدیل کرسکتے ہیں اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی غیر قانونی کارروائیوں اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹا سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان پر بھارت کی تنقید کےجواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 'پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے اپنا غیرقانونی قبضہ فوری ختم کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیرجانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے حق خود ارادیت کے استعمال کا حق دے'۔

ترجمان نے بریفنگ کے دوران بھارت میں سوشل میڈیا میں پاکستان کے بارے میں بدنیتی پر مبنی اور من گھڑت خبروں اور پروپیگنڈا مہم کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ۔ آر ایس ایس حکومت کے اشارے پر پاکستان مخالف بھارتی میڈیا کی ایسی کوششیں مخصوص ذہنیت کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت، پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم اور فرضی کہانیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے سمیت دیگر غیر قانونی اقدامات سے متعلق عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 444 دن سے محاصرہ جاری ہے جبکہ گزشتہ ماہ بھارتی قابض فورسز نے 18 بےگناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی مظالم کو اجاگر کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں 80 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، پڑوسی ملک کو اپنے خطرناک اسٹرٹیجک عزائم پر عملدرآمد کے بجائے ملکی سماجی و اقتصادی بہتری پر توجہ دینی چاہیے۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا کو پاکستان میں ’خانہ جنگی‘ کے جھوٹے دعوؤں پر منہ کی کھانا پڑگئی

خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے اپوزیشن رہنما کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق معاملات کی انکوائری کی ہدایت کے ایک روز بعد بدھ کو بھارتی نشریاتی اداروں بشمول انڈیا ٹوڈے، زی نیوز، سی این این 18 اور انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی رپورٹ میں کراچی میں ’خانہ جنگی جیسی صورتحال‘ کا ذکر کیا۔

کچھ رپورٹس میں ایک دوسرے میڈیا ادارے دی انٹرنیشنل ہیرالڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ملک کے معاشی حب میں سندھ پولیس اور فوج کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

اس کے علاوہ ٹوئٹر پر جھڑپ ظاہر کرنے والی جعلی ویڈیو بھی گردش کرتی رہی۔

سی این این نیوز 18، جو ٹی وی انڈیا اور سی این این انٹرنیشنل کی مشترکہ کاوش ہے، جنہوں نے بھی وہی ویڈیو شیئر کی اور اس نے تو اپنے دعوے میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’سندھ میں مارشل لا لگادیا گیا ہے‘۔

تاہم بعد میں میڈیا آؤٹلیٹ نے وہ ویڈیو اپنی ٹائم لائن سے ڈیلیٹ کردی لیکن ایک دوسری ویڈیو شیئر کی جس میں بھی ایسے ہی خرافاتی دعوے کیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024