• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

2 ارب ڈالر کا سرمایہ حاصل کرنے والی معروف اسٹریمنگ ویب سائٹ بند

شائع October 22, 2020
کوبی کو رواں برس اپریل میں متعارف کرایا گیا تھا—فوٹو: کیوبی
کوبی کو رواں برس اپریل میں متعارف کرایا گیا تھا—فوٹو: کیوبی

'والٹ ڈزنی، این بی سی یونیورسل، 21 سینچری فاکس اسٹوڈیو، سونی پکچرز، وارنر برادرز، ویاکوم، علی بابا گروپ اور بی بی سی' سمیت امریکا و یورپ کی بڑی ٹیلی کام اور میڈیا کمپنیز سے 2 ارب ڈالر کا سرمایہ حاصل کرنے والی معروف اسٹریمنگ ویب سائٹ 'کیوبی' کو محض 6 ماہ میں ہی بند کردیا گیا۔

'کیوبی' نیٹ فلیکس کی طرز کی اسٹریمنگ ویب سائٹ ہے تاہم اس کی خاص بات اس کی مختصر فلمیں، شوز اور دستاویزی فلمیں ہیں۔

'کیوبی' پر نشر کی جانے والی ہر طرح کی ویڈیوز، فلموں، ڈاکیومینٹریز، شوز، اور ویب سیریز کو صرف 10 منٹ کے دورانیے تک نشر کیا جاتا تھا۔

'کیوبی' کو اگرچہ ابتدائی طور پر امریکا میں 'نیو ٹی وی' کے نام سے 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اسے نئے نام 'کیوبی' سے رواں برس اپریل کے آغاز میں متعارف کرایا گیا تھا۔

'کیوبی' کا خاص مقصد لوگوں کو اسمارٹ فونز پر تفریح فراہم کرنا تھا تاہم مذکورہ ویب سائٹ کے صارفین کو یہ سہولت بھی دی گئی تھی کہ وہ اسے اسمارٹ ٹی وی پر بھی دیکھ سکیں گے۔

کیوٹیز توقعات سے کم سبسکرائبرز حاصل کر پائی—فوٹو: زوما پریس
کیوٹیز توقعات سے کم سبسکرائبرز حاصل کر پائی—فوٹو: زوما پریس

'کیوبی' کی ماہانہ فیس 5 ڈالر سے بھی کم رکھی گئی تھی اور کمپنی مالکان کو اُمید تھی کہ یہ ویب سائٹ دنیا کی سب سے مقبول ویب سائٹ بن جائے گی، کیوں کہ ویب سائٹ مختصر دورانیے کی ویڈیوز فراہم کر رہی تھی۔

'کیوبی' میں سرمایہ کاری کرنے والے دنیا کی بڑی فلم پروڈکشن کمپنیوں، میڈیا اداروں اور ٹیلی کام کمپنیوں کو بھی اُمید تھی کہ مذکورہ ویب سائٹ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب جائے گی مگر ایسا نہ ہوسکا اور ویب سائٹ کو محض 6 ماہ میں ہی بند کردیا گیا۔

معروف اقتصادی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورت میں بتایا کہ کیوبی کے سربراہ جیفری کیتزمبرگ اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) میگ وٹمین نے 21 اکتوبر کو 'کیوبی' کو بند کرنے کی تصدیق کی۔

کمپنی کے دونوں اعلیٰ سربراہان نے 21 اکتوبر کو سرمایہ کاروں سے آن لائن میٹنگ کے دوران انہیں مایوس کن فیصلے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حیران کن طور پر 'کیوبی' سبسکرائبرز حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 'کیوبی' کو بند کرنے کی بظاہر دو بڑی وجوہات ہیں، جن میں سے ایک سبسکرائبرز کا کم ہونا اور دوسرا کمپنی کو کئی قانونی مقدمات کا سامنا ہے۔

'کیوبی' پر مختلف ٹیکنالوجیز کمپنیوں نے ٹیکنالوجی کو چرانے یا کاپی کرنے کے قانونی مقدمات بھی قائم کر رکھے تھے۔

'کیوبی' کو بند کرنے کا اعلان کرتے وقت سربراہان نے تسلیم کیا کہ مذکورہ ویب سائٹ کو وبا کے دور میں متعارف کرانا سب سے بڑی غلطی تھی، کیوں کہ کورونا کے باعث لوگوں کی نوکریاں ختم ہوگئیں اور لوگ مفت میں تفریح فراہم کرنے والی ویب سائٹس دیکھنے لگے تھے۔

'کیوبی' کو بند کرنے کا اعلان کرنے والے سربراہان نے امید ظاہر کی کہ کمپنی مستقبل میں مزید سرمایہ حاصل کرنے کے بعد واپسی کرے گی، تاہم مذکوہ ویب سائٹ کب تک واپسی کرے گی، یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024