کارڈی بی نے طلاق لینے کا فیصلہ واپس لے لیا
گزشتہ ماہ 16 ستمبر کو خبر سامنے آئی تھی کہ معروف امریکی گلوکارہ و اداکارہ 27 سالہ کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا، لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ انہوں نے طلاق کا فیصلہ واپس لے لیا۔
برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کے ایک ماہ بعد ہی فیصلہ واپس لیتے ہوئے باقی زندگی شوہر گلوکار آف سیٹ کے ساتھ گزارنے کی تصدیق کردی۔
کارڈی بی نے 16 اکتوبر کو انسٹاگرام کی لائیو ویڈیو میں بتایا تھا کہ انہوں نے طلاق کی درخواست واپس لے کر باقی زندگی آف سیٹ کے ساتھ ہی گزارنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اداکارہ و گلوکارہ نے ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ دونوں نے جلد بازی میں شادی کی اور دونوں اب تک جلد بازی میں بہت فیصلے کرتے آئے ہیں اور طلاق لینے کا فیصلہ بھی ایسا ہی تھا۔
کارڈی بی نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ دراصل انہوں نے طلاق کی درخواست نہیں دی تھی بلکہ عدالت کے کلرک نے درخواست ان کے نام سے جمع کرادی تھی، کیوں کہ ان کے شوہر آف سیٹ کے حوالے سے خبریں تھیں کہ وہ گرل فرینڈ کے پیدا ہونے والے بچے کے باپ بننے والے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کارڈی بی نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا
کارڈی بی کی جانب سے طلاق کی درخواست واپس لے کر باقی زندگی شوہر کے ساتھ گزارنے کے اعلان کے بعد کئی مداحوں نے ان پر تنقید بھی کی اور مبینہ طور پر ان کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی۔
لوگوں کی جانب سے تنقید کیے جانے کے بعد کارڈی بی نے اپنے سوشل میڈیا اکائوٹس سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ بھی کردیں۔
انڈیپینڈنٹ نے اپنی ایک اور خبر میں بتایا کہ مداحوں کی جانب سے دوبارہ شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کے فیصلے پر شدید تنقید کے بعد کارڈی بی نے اپنی انسٹاگرام اور ٹوئٹر پوسٹس ڈیلیٹ کیں۔
خیال رہے کہ کارڈی بی نے امریکی ریاست جارجیا کی فلٹن کاؤنٹی کی فیملی کورٹ میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی،جس پر ابتدائی سماعت 4 نومبر کو ہونی تھی، لیکن اب اداکارہ نے درخواست واپس لے کر شوہر کے ساتھ زندگی گزارنے کا اعلان کردیا۔
کارڈی بی نے 2017 میں دیرینہ بوائے فرینڈ گلوکار آف سیٹ سے خفیہ طور پر شادی کی تھی اور دونوں کے درمیان شادی کے ایک سال بعد ہی اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی تھی۔
2015 میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کرنے والی کارڈی بی نے پہلی فلم کی ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شہرت حاصل کی تھی۔
کارڈی بی نے اگرچہ بطور اداکارہ کیریئر کا آغاز کیا تاہم جلد ہی ان کی شناخت ایک گلوکارہ کے طور پر ہوگئی اور انہوں نے میوزک کی دنیا میں الگ پہچان بنائی۔
مزید پڑھیں: گلوکارہ کارڈی بی پر ڈانس کلب کی ویٹرس پر تشدد کا الزام
دستاویزی فلموں، ٹی وی سیریز اور ریئلٹی شوز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی کارڈی بی نے پہلا میوزک ایلبم (انیویشن آف پرائیویسی) 2018 میں ریلیز کیا تھا۔
اگرچہ کارڈی بی نے تاحال ایک ہی میوزک ایلبم ریلیز کیا ہے تاہم وہ درجنوں سنگل گانے ریلیز کر چکی ہیں اور ان کے کئی معروف گانے فلموں میں بھی شامل کیے جا چکے ہیں۔
شاندار گانوں کی وجہ سے ایمی اور گریمی ایوارڈز جیتنے والی کارڈی بی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔
کارڈی بی کے ہاں 2 سال قبل ہی پہلی بچی کی پیدائش ہوئی تھی اور بیٹی کی پیدائش کے بعد ہی ان کے اور شوہر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہونے کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔