• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں کورونا کے مزید 739 کیسز، 18 اموات کی تصدیق

شائع October 21, 2020
ملک میں کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ملک میں کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کافی بہتر تھی تاہم گزشتہ کچھ روز سے ایک مرتبہ پھر کیسز اور اموات میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے جبکہ موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث اس کی دوسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 37 ہے جس میں سے 3 لاکھ 8 ہزار 674 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 695 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 21 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 739 کیسز اور 18 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 654 مریض صحتیاب ہوئے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز اور میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کورونا سے متعلق بیان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوراں 293 نئے کیسز سامنے آنے اور مزید 3 مریضوں کے انتقال کی تصدیق کی۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 641 اور اموات بڑھ کر 2590 ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب تک ایک لاکھ 35 ہزار 759 کورونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 176 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 9 افراد لقمہ اجل بنے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 936 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 9 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 319 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 122 افراد کو متاثر کیا جبکہ 4 کی موت واقع ہوئی۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 18 ہزار 309 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 4 افراد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 199 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 7 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 7 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 4 ہزار 91 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 57 نئے مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 564 ہوگئی۔

اس کے علاوہ اموات میں 2 کے اضافے سے وہاں مجموعی تعداد 84 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 654 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 654 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3 لاکھ8 ہزار 674 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 325037

اموات: 6695

صحتیاب: 308674

فعال کیسز: 9668

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار 641 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 936 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 779 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 717 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 18 ہزار 309، گلگت بلتستان میں 4ہزار 91 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 564 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 2590

پنجاب: 2319

خیبرپختونخوا: 1265

بلوچستان: 148

اسلام آباد: 199

گلگت بلتستان: 90

آزاد کشمیر: 84

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024