• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سنجے دت کینسر سے جنگ جیت گئے؟

شائع October 20, 2020 اپ ڈیٹ October 21, 2020
اداکار یا اس کےاہل خانہ نے واضح طور پر سنجے دت کی صحت پر کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار یا اس کےاہل خانہ نے واضح طور پر سنجے دت کی صحت پر کوئی بیان نہیں دیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ بابا کہلائے جانے والے سنجے دت کے حوالے سے رواں برس اگست میں خبریں آئیں تھیں کہ وہ چوتھے اسٹیج کے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا ہیں، تاہم اب خبر سامنے آئی ہے وہ موذی مرض سے صحتیاب ہوگئے۔

سنجے دت کے حوالے سے رواں برس اگست میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کے چوتھے اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم انہوں نے خود اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی۔

سنجے دت میں کینسر کی تشخیص اس وقت ہوئی تھی جب انہیں اگست میں ہی سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،تاہم چند دن بعد ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اداکار نے اپنی بگڑتی صحت کے مسائل کے باعث فلم اںڈسٹری سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تو بھارتی میڈیا میں ان کے کینسر کی خبریں سامنے آئیں۔

لیکن اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ وہ موذی مرض سے صحت یاب ہوگئے۔

بھارتی نشریاتی ادارے انڈیا ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں سنجے دت کے قریبی دوست اجے اروڑا کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سنجے دت کینسر سے صحت یاب ہوگئے۔

اجے اروڑا کا کہنا تھا کہ وہ پہلے دن سے جانتے تھے کہ ایک دن سب ٹھیک ہوجائے گا اور یہ انتائی خوشی کی خبر ہے کہ سنجے دت کینسر سے صحت یاب ہوگئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ انڈیا ٹی وی نے سنجے دت کو کینسر کو شکست دینے پر مبارک باد کا پیغام بھی بھجوایا، جس پر اداکار نے نشریاتی ادارے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت کی کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق

رپورٹ کے مطابق اداکار کی جانب سے شکریہ ادا کرنا اس بات کی تصدیق ہے کہ سنجے دت کینسر سے صحت یاب ہوگئے، تاہم رپوٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سنجے دت کو کس اسٹیج کا کینسر تھا؟

دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں سنجے دت کے خاندان کے ایک شخص کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سنجے دت کی نئی رپورٹس انتہائی اچھی ہیں اور ان پر علاج بہتر اثر کر رہا ہے۔

سنجے دت کے خاندان کے فرد کے مطابق انہیں امید ہے کہ اداکار جلد صحت یاب ہوجائیں گے، کیوں کہ اب تک ان کے ہونے والے علاج کے نتائج بہت اچھے آئے ہیں۔

اداکار کے خاندان کے فرد کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر خبریں دی گئی تھیں کہ سنجے دت کے پاس زندگی کے محض 6 ماہ ہیں مگر درحقیقت ایسی کوئی بات نہیں تھی۔

اگرچہ اداکار کے اہل خانہ نے بھی سنجے دت کی طبیعت بہتر ہونے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نےاداکار کے کینسر فری ہونے کا نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے سنجے دت کے کینسر کا اسٹیج بتایا۔

مزید پڑھیں: کینسر کا شکار سنجے دت کی پہلی کیموتھراپی مکمل

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ہفتہ قبل ہی سنجے دت نے ایک ویڈیو میں تصدیق کی تھی کہ وہ کینسر کا شکار ہوچکے ہیں مگر حیران کن طور پر انہوں نے بھی کینسر کے اسٹیج کا ذکر نہیں کیا تھا۔

اس سے قبل اداکار کے قریبی دوستوں اور بھارتی میڈیا میں چلنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کے چوتھے اسٹیج کی تشخیص ہوئی ہے۔

تاہم ایسی خبروں کی آج تک نہ تو اداکار نے تصدیق کی اور نہ ہی ان کے اہل خانہ نے ان کے کینسر کے اسٹیج کے حوالے سے کوئی بات کی تھی۔

یہ بھی خبریں تھیں کہ سنجے دت ممکنہ طور پر برطانیہ میں کینسر کا علاج کروائیں گے اور ایسی رپورٹس بھی تھیں کہ اداکار نے ابتدائی علاج بھارت سے ہی کروانا شروع کردیا۔

تاہم شروع سے ہی سنجے دت کی بیماری کے اسٹیج اور علاج سے متعلق کوئی بھی تصدیقی خبر سامنے نہیں آئی تھی اور اب ان کے صحت مند ہونے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں لیکن اس ضمن میں بھی اداکار کے اہل خانہ نے کھل کر تصدیق یا تردید نہیں کی۔

سنجے دت کی بیماری، ان کے علاج اور اب ان کے صحت یاب ہونے کی متضاد خبروں سے ان کے لاکھوں مداح خوشی کے ساتھ پریشانی میں مبتلا ہیں کہ ان کے پسندیدہ اداکار کی اصل صحت کیسی ہے؟

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024