• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کیا آنے والی پاکستانی فلم ’50 کروڑ‘ ویب سیریز ’منی ہیسٹ‘ کی نقل ہے؟

شائع October 19, 2020
فلم 50 کروڑ کے کرداروں کی جھلک سامنے آتے ہی لوگوں نے اسے منی ہیسٹ کی نقل قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام
فلم 50 کروڑ کے کرداروں کی جھلک سامنے آتے ہی لوگوں نے اسے منی ہیسٹ کی نقل قرار دیا—فوٹو: انسٹاگرام

آنے والی ایکشن تھرلر پاکستانی فلم ’50 کروڑ‘ کے کرداروں کو متعارف کرانے کا ٹیزر اور تصاویر سامنے آتی ہے سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کرنا شروع کیا کہ مذکورہ فلم کو نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’منی ہیسٹ‘ کی نقل پر بنایا جا رہا ہے۔

اگرچہ تاحال ’50 کروڑ‘ کی کہانی کے حوالے سے بھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم مذکورہ فلم کے کرداروں کی جھلک سامنے آنے کے بعد ہی پاکستانی شائقین نے کرداروں کو دیکھتے ہی دعویٰ کیا کہ پاکستانی فلم نیٹ فلیکس کی سیریز کی کاپی ہوگی۔

’50 کروڑ‘ میں اعجاز اسلم، فیصل قریشی، محمود اسلم، صبور علی، فریال مخدوم، ژالے سرحدی، اسد صدیقی، نعمان حبیب، نوید رضا، عمر شہزاد اور انوشے عباسی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مذکورہ فلم کی کہانی کس موضوع کے گرد گھومتی ہے اور اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم کرداروں کی جھلک سے اندازا ہوتا ہے کہ مذکورہ فلم ایکشن یا کرائم تھرلر فلم ہوگی۔

’50 کروڑ‘ کے جاری کیے گئے کرداروں کی جھلک میں کچھ کرداروں کو پولیس کےکردار کے طور پر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ 50 کروڑ کب تک ریلیز ہوگی—فوٹو: اعجاز اسلم انسٹاگرام
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ 50 کروڑ کب تک ریلیز ہوگی—فوٹو: اعجاز اسلم انسٹاگرام

’50 کروڑ‘ کے کرداروں کی جھلک جاری ہونے کے بعد جب سوشل میڈیا صارفین نے پاکستانی فلم پر نیٹ فلیکس کی ویب سیریز کی نقل کا الزام لگایا تو اعجاز اسلم نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ تنقید کرنے والے لوگ ایک ہفتہ انتظار کریں، انہیں خود ہی اندازہ ہوگا کہ وہ غلط تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شکریہ لاک ڈاؤن: میں نے معروف سیریز ’منی ہیسٹ‘ کو کیسا پایا؟

انہوں نے عندیہ دیا کہ ’50 کروڑ‘ نیٹ فلیکس کی ویب سیریز منی ہیسٹ کی کاپی نہیں اور نہ ہی پاکستانی فلم کے کرداروں کو نیٹ فلیکس کی ویب سیریز کی طرح دکھایا جائے گا۔

اعجاز اسلم نے تنقید کرنے والے اور شائقین کو گزارش کی کہ وہ ’50 کروڑ‘ کی اصل حقیقت جاننے کے لیے ایک ہفتہ انتظار کریں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

’منی ہیسٹ‘ کیا ہے؟

پاکستانی فلم ’50 کروڑ‘ کو نیٹ فلیکس کی جس ویب سیریز ’منی ہیسٹ‘ کی کاپی کہا جا رہا ہے، وہ دراصل اسپینی ڈراما تھا، جسے 2017 میں نیٹ فلیکس نے ویب سیریز کے طور پر نشر کیا، نیٹ فلیکس پر بھی اسے اسپینی زبان میں پیش کیا گیا، تاہم اس کے انگریزی سمیت دیگر زبانوں میں تراجم بھی پیش کیے گئے۔

’منی ہیسٹ‘ کا اسپینی نام ’لا کاسا دی پاپل‘ ہے اور اسے ابتدائی طور پر اسپین کے ٹی وی چینل پر اسپینی زبان میں پیش کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس کی اچھوتی کہانی کے باعث نیٹ فلیکس نے اسے ویب سیریز کے طور پر ریلیز کیا۔

نیٹ فلیکس نے مذکورہ ویب سیریز کو ’منی ہیسٹ‘ کا نام دیا اور اس کا پہلا سیزن 2017 کے مئی میں ریلیز کیا اور اسی سال اکتوبر میں اس کا دوسرا سیزن بھی ریلیز کیا گیا۔

’منی ہیسٹ‘ کا تیسرا سیزن جولائی 2019 میں ریلیز کیا گیا جب کہ چوتھا سیزن اپریل 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

’منی ہیسٹ‘ کی مرکزی کہانی دکیتوں کے ایک گروہ کے گرد گھومتی ہے جو اسپین کے مرکزی بینک اور ایک حکومتی مالیاتی ادارے سے چوری کرتے ہیں۔

تھرلر کرائم سیریز ’منی ہیسٹ‘ میں کئی کردار متعارف کرائے گئے ہیں جو کسی نہ کسی طرح جرائم پیشہ گروہ سے منسلک ہوتے ہیں۔

’منی ہیسٹ‘ کے چوتھے سیریز میں ایک ایسے پاکستانی ڈاکٹر کو بھی دکھایا گیا تھا جو بینک کی ڈکیتی کے دوران زخمی ہونے والے جرائم پیشہ شخص کی آن لائن سرجری کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

علاوہ ازیں اسی سیریز میں ایک ایسے پاکستانی کردار کو بھی دکھایا گیا ہے جو جرائم پیشہ گروہ کی سائبر کرائم میں مدد کرتا ہے۔

پاکستانی کرداروں کی وجہ سے ہی ’منی ہیسٹ‘ کو پاکستان میں حد سے زیادہ شہرت ملی اور اب آنے والی پاکستانی فلم ’50 کروڑ‘ کے حوالے سے کہا جا رہا ہے وہ بھی نیٹ فلیکس سیریز کی کاپی ہے۔

’50 کروڑ‘ کے کرداروں کی جھلک سامنے آتے ہی ٹوئٹر پر صارفین نے پاکستانی فلم اور نیٹ فلیکس کی ویب سیریز کے ایک جیسے مناظر کی تصاویر شیئر کی اور کہا کہ اب ہم پاکستانی ’منی ہیسٹ‘ دیکھیں گے۔

بعض لوگوں نے تو مطالبات بھی کیے کہ پاکستانی ’50 کروڑ‘ یعنی منی ہیسٹ میں عامر لیاقت کو بھی مرکزی کردار کے طور پر کاسٹ کیا جائے، دوسری صورت میں وہ پاکستانی فلم نہیں دیکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024