• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس میں خاموش تبدیلیوں نے اسے اتنا خطرناک بنایا، تحقیق

شائع October 18, 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

یہ تو معلوم ہوچکا ہے کہ کووڈ 19 کا باعث بننے والا کورونا وائرس چمگادڑوں میں بے ضرر انداز میں حرکت میں رہتا ہے مگر انسانوں میں چھلانگ لگا کر یہ جان لیوا شکل اختیار کرلیتا ہے۔

اب سائنسدانوں نے وائرس کے جینیاتی کوڈ میں 30 ہزار کے قریب خاموش تبدیلیوں کو شناخت کیا ہے جن سے اسے جانوروں سے انسانوں میں چھلانگ لگانے اور ممکنہ طور پر عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے میں مدد ملی۔

ان تبدیلیوں کی بدولت ہی وائرس اپنے آر این اے مالیکیولز کے ذریعے انسانی خلیات کو دھوکا دے دیتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ڈیوک یونیورسٹی کی تحقیق میں ان طریقوں کو استعمال کیا گیا، جس سے اب تک انسانوں میں نئے کورونا وائرس کے جینوم میں آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا، مگر چمگادڑوں اور پینگولینز میں اس سے جڑے کورونا وائرسز پر اب تک کوئی کام نہیں ہوا تھا۔

طبی جریدے پیر جے میں شائع تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے تھے کہ آخر کس چیز نے اس وائرس کو اتنا منفرد بنایا۔

ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں وائرس کی اسپائیک پروٹین کو ان کوڈ کرنے والے ایک جین کے فنگرپرنٹس کو شناخت کیا گیا تھا، جو نئے خلیات کو متاثر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ وائرس کے جینیاتی کوڈ میں آنے والی تبدیلیوں سے اس کے اسپائیک پروٹینز بھی تبدیل ہوئے، جس کی بدولت وائرل اقسام ان تبدیلیوں کے ساتھ زیادہ پھیلنے پھولنے میں کامیاب رہی۔

اس عمل کے دوران محققین نے ان اسباب کو بھی شناخت کیا جو ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں شامل ماہرین دریافت نہیں کرسکے تھے۔

محققین کے مطابق نئے کورونا وائرس کے جینوم کے 2 حصوں میں آنے والی یہ خاموش تبدیلیاں جن کو این ایس پی 4 اور این ایس پی 16 کا نام دیا گیا ہے، سے بظاہر وائرس کو ماضی کے وائرس کی اقسام کے مقابلے میں پروٹین کو بدلنے میں حیاتیاتی سبقت حاصل ہوئی۔

محققین نے بتایا کہ پروٹین پر اثرانداز ہونے کی بجائے ان تبدیلیوں نے وائرس کے جینیاتی مواد کو متاثر کیا، جس سے آر این اے بنا جو انسانی خلیات کے اندر مختلف شکلیں بدلنے اور افعال کی صلاحیت رکھتا ہے۔

محققین کے مطابق آر این اے کی ساخت میں یہ تبدیلیاں نسانوں میں اس وائرس کو دیگر کورونا وائرسز سے کس حد تک مختلف بناتی ہیں، یہ ابھی معلوم نہیں ہوسکا۔

مگر انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر اس نے وائرس کے پھیلاؤ کی صلاحیت میں کردار ادا کیا اور وہ بھی لوگوں میں اس کے پہنچنے سے پہلے، یہی وہ اہم فرق ہے جو جس نے موجودہ صورتحال کو 2003 میں سارس کورونا وائرس کے مقابلے میں زیادہ مشکل بنادیا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے نئے مالیکیولر اہداف کی شناخت میں بھی مدد مل سکے گی۔

ان کے بقول این ایس پی 4 اور این ایس پی 16 ان اولین آر این اے مالیکیولز میں سے ایک ہیں جو اس وقت بنتے ہیں جب وائرس کسی نئے فرد کو متاثر کرتا ہے، اسپائیک پروٹین اس کے بعد کام کرتا ہے، تو اس سے علاج کے لیے ایک بہتر ہدف مل سکے گا۔

آسان الفاظ میں نئے کورونا وائرس میں آنے والی جینیاتی تبدیلیوں کی شناخت سے سائنسدانوں کو توقع ہے وہ مستقبل میں جانوروں اسے انسانوں میں پھیلنے والی وباؤں کی زیادہ بہتر پیشگوئی کرسکیں گے۔

محققین کا کہنا تھا کہ وائرسز میں مسلسل تبدیلیاں اور ارتقائی مراحل ہوتے رہتے ہیں، تو یہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس کی کوئی نئی قسم دیگر جانوروں میں پھیلنے کے ساتھ لوگوں تک اس نئے کورونا وائرس کی طرح پہنچ جائے، ہمیں اس کی شناخت کی صلاحیت حاصل کرنا ہوگی تاکہ ان کی روک تھام شروع میں ہوسکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024