• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اداکارہ علیزے گبول 11 دن میں کورونا سے صحت یاب

شائع October 18, 2020
اداکارہ میں 5 اکتوبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ میں 5 اکتوبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ علیزے گبول نے محض 11 دن میں احتیاط کرنے کے باعث کورونا وائرس کو شکست دے دی۔

ماڈل علیزے گبول میں رواں ماہ 5 اکتوبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں کو مطلع کیا تھا کہ انہیں ابتدائی طور پر صرف تیز بخار ہوا تھا۔

ماڈل و اداکارہ کے مطابق اگرچہ انہیں تیز بخار تھا تاہم ان میں کورونا کی دیگر علامات کم تھیں لیکن کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔

کورونا کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرنے والی علیزے گبول نے ایک ہفتہ قبل 9 اکتوبر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ اگرچہ ان کی طبیعت زیادہ بہتر نہیں ہے تاہم انہیں یقین ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گی۔

تاہم اب اداکارہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کا کورونا کا دوسرا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور اب وہ کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل علیزے گبول بھی کورونا وائرس کا شکار

اداکارہ نے 16 اکتوبر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ اب وہ کورونا کی مریض نہیں رہیں۔

اداکارہ علیزے گبول نے محض 11 دن میں کورونا کو شکست دی، یوں وہ مرض سے سب سے کم وقت میں صحت یاب ہونے والی شوبز شخصیت بھی بن گئیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ان سے قبل بھی ڈیڑھ درجن کے قریب پاکستانی شوبز شخصیات کورونا کا شکار بنی تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے بعد صحت یاب ہوئی تھیں۔

بعض شوبز شخصیات کو صحت یاب ہونے میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت بھی لگا تھا۔

کورونا کے باعث پاکستان میں 2 اداکاروں کی موت بھی ہوچکی ہے، جن میں 9 ستمبر کو فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار مرزا شاہی اور 21 مئی کو سندھی و اردو اسٹیج ڈراموں و ٹی وی کے اداکار صغیر الہٰی کھچی چل بسے تھے۔

علاوہ ازیں اداکارہ سکینہ سموں، ندا یاسر، یاسر نواز، روبینہ اشرف، گلوکار ابرار الحق، بلال مقصود کامیڈین و میزبان شفاعت علی, واسع چوہدری اور نوید رضا ھی وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: میرے لیے کورونا کا تجربہ خوشگوار نہیں رہا، علیزے گبول

جولائی میں گلوکار، موسیقار اور سماجی رہنما شہزاد رائے نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ بھی کورونا کی وبا سے متاثر ہوئے۔

یاد رہے کہ علیزے گبول ایک ایسے وقت میں کورونا کا شکار ہوئی تھیں جب کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔

پاکستان میں رواں برس جولائی کے بعد کورونا کے کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور اگست سے حکومت نے کورونا کے باعث نافذ کی گئی زیادہ تر سختیاں اور پابندیاں بھی ختم کردی تھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اس وقت پاکستان میں کورونا کے 20 ہزار تک مریض ہسپتالوں اور گھروں میں زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں فروری کے آغاز سے لے کر اکتوبر کے وسط تک مجموعی طور پر 3 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، جن میں سے 3 لاکھ ایک ہزار کے قریب افراد صحت یاب ہوچکے تھے۔

ملک بھر میں فروری سے لے کر اکتوبر کے وسط تک کورونا سے 6 ہزار 643 اموات ہوچکی تھیں۔

ماڈل محض 11 دن میں صحت یاب ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
ماڈل محض 11 دن میں صحت یاب ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024