• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسکردو میں پہاڑی تودہ مسافر کوچ پر آگرا، 16 افراد جاں بحق

شائع October 18, 2020
مسافر بس میں 18 افراد سوار تھے—فائل فوٹو: عمر باچا
مسافر بس میں 18 افراد سوار تھے—فائل فوٹو: عمر باچا

اسکردو میں پہاڑی تودہ مسافر کوسٹر پر آگرا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، علاقے کی انتظامیہ اور ایف ڈبلیو او کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

ابدائی طور پر اسسٹنٹ کمشنر روندو معراج عالم کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح جاگلوٹ-اسکردو روڈ پر تنگوس کے علاقے میں راوپنڈی سے آنے والی مسافر بس پر پہاڑی تودہ آگرا جس کے نتیجے میں تمام مسافر ملبے تلے دب گئے۔

مزید پڑھیں: گلگت: برفانی تودے سے 5 فوجی شہید، اموات کی مجموعی تعداد 109 تک جا پہنچی

انہوں نے بتایا تھا کہ بس کا رجسٹریشن نمبر ایل ای ایس-590 ہے جو گزشتہ شب راولپنڈی سے اسکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

معراج عالم نے کہا تھا کہ بس میں 18 مسافر سوار تھے جن میں سے اب تک 11 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ملبے تلے دبے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلگت بلتستان میں سکردو روڈ پر تنگوس پڑی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے حادثے میں پاک فوج کے 4 اہلکار بھی شہید ہوئے جو اپنے فرائض انجام دینے دوسرے مقام جارہے تھے۔

حادثے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی سونا خان، سپاہی آصف، سپاہی ارشد اور سپاہی فاروق کے نام سے ہوئی۔

پاک فوج کی ریلیف ٹیم ایمبولینسز اور انجینئرز کی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوع پر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔

بعد ازاں سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) روندو محمد حسن نے واقعے میں 16 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 16 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہمند: پہاڑی تودہ گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

ایس ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ڈرائیور اور کندیکٹر سمیت 6 افراد کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ تمام لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ سڑک کی بحالی کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب ایک مقامی شخص اقبال علی اقبال کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جبکہ ریسکو کے کاموں میں مقامی لوگ بھی حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں ماربل کی کان میں پہاڑی تودہ گرنے سے 22 افراد جاں بح ہوگئے تھے۔

واقعہ قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں پیش آیا تھا جہاں زیارت ماربل پہاڑ کے بڑے حصے قریبی کانوں پر آگرے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024