نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا نے فائنل میں جگہ بنالی
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن پاکستان کو 7 وکٹوں اور خیبر پختونخوا نے سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ناردرن پاکستان کے کپتان عماد وسیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے علی عمران اور شاداب خان کے علاوہ کسی بلے باز کو زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرنے دیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 50 اور 48 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلیں۔
ان کے علاوہ ذیشان ملک 16، حیدر علی 18 اور عماد وسیم 19 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ آصف علی کو صفر پر پویلین لوٹنا پڑا۔
ناردرن نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سدرن پنجاب نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
اسپنر زاہد محمود نے 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف کے ہمراہ 91 رنز کا آغاز فراہم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔
ذیشان اشرف 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے، گزشتہ میچ کے ہیرو صہیب مقصود نے کپتان کے ہمراہ اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 16 کے انفرادی اسکور پر ان کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا۔
شان مسعود نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
سدرن نے 161 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ناردرن کے موسیٰ خان، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار اننگز کھیلنے پر شان مسعود کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سندھ ایونٹ سے باہر
ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سندھ کی مضبوط بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔
خیبر پختونخوا کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے شرجیل خان صفر، اسد شفیق ایک، اعظم خان صفر، سہیل خان 9، سرفراز احمد 4، انور علی 3، محمد حسنین ایک اور غلام مدثر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سندھ کے صرف دو کھلاڑی ہی دوہرے ہندسے میں داخل ہوسکے، خرم منظور نے 74 اور دانش عزیز کے 39 رنز نے ٹیم کو قابل دفاع مجموعے تک رسائی میں اہم کردار ادا کیا۔
سندھ کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
مزید پڑھیں: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان نے بلوچستان، سدرن پنجاب نے سندھ کو ہرا دیا
خیبر پختونخوا کے عمران خان اور عثمان شنواری نے 2، 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض اور آصف آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا تو سندھ کے باؤلرز دباؤ کا شکار ہوگئے۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 113 رنز کی شراکت نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد رضوان نے 11 چوکوں کی مدد سے 50 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر محمد حفیظ اور شعیب ملک نے کریز سنبھالی اور مزید نقصان کے بغیر ٹیم کو فائنل میں رسائی دلادی۔
محمد حفیظ 12 اور شعیب ملک 6 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
خیبر پختونخوا نے مطلوبہ ہدف 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
شاندار کارکردگی پر محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ کا فائنل سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان اتوار کی شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا۔