فلم 'قائداعظم زندہ باد' کا پہلا ٹیزر سامنے آگیا
اداکار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم 'قائداعظم زندہ باد' کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔
فلم ساز فضا علی مرزا اور مہدی علی و ہدایتکار نبیل قریشی کی اس فلم میں پہلی بار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان اکٹھے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کورونا کے بعد سب سے پہلے ریلیز ہوگی؟
اس فلم کی شوٹنگ 2019 کے بعد شروع کی گئی تھی جو رواں برس کے آغاز میں مکمل ہوگئی تھی۔
2019 کے بعد شروع کی گئی تھی جو رواں برس کے آغاز میں مکمل ہوگئی تھی۔
اب اس فلم کا 42 سیکنڈ کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا ہے جس میں فلم کی کہانی کے بارے میں کچھ خاص اندازہ نہیں ہوتا۔
بس یہ عندیہ ملتا ہے کہ فہد مصطفیٰ اس میں ایک پولیس اہلکار کے روپ میں نظر آئیں گے، جو ٹیزر میں یہ سوال پوچھتے ہیں کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ نوٹوں پر قائداعظم کی تصویر کیوں ہوتی ہے؟
خیال رہے کہ رواں ہفتے فہد مصطفیٰ نے اس فلم میں اپنے کردار کی پہلی جھلک کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس فلم کا آفیشل ٹیزر جلد سامنے آنے والا ہے۔
اس سے قبل ماہرہ خان نے فلم کی شوٹنگ کے پس پردہ مناظر کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اشارہ دیا تھا کہ اس فلم میں وہ کیا توقع رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے لکھا 'کوئی بھی قوم عظمت کی بلندی کو اس وقت تک چھو نہیں سکتی جگہ خواتین شانہ بشانہ نہ ہوں'۔
فلم 'قائداعظم زندہ باد' کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔
یہ نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی چاروں فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
لیکن نبیل قریشی اور فضا علی مرزا کی خواہش ہے کہ ان کی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ وہ پہلی فلم بنے، جسے کورونا کی وبا کے بعد سینماؤں میں ریلیز کیا جائے۔