• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں مزید 805 مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے میں کامیاب

شائع October 17, 2020
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض کووِڈ 19 سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض کووِڈ 19 سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس کو روکنے کے لیے سماجی فاصلہ رکھنا، ماسک پہننے کے علاوہ بار بار ہاتھ دھونا یا سینیٹائزر کا استعمال کرنا اب بھی ضروری ہے۔

ملک میں اب تک 3 لاکھ 22 ہزار 691 افراد مہلک وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 6 ہزار 643 مریض انتقال کر گئے جبکہ 3 لاکھ 6 ہزار 640 صحتیاب ہوگئے۔

آج 17 اکتوبر کی شام تک کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے مزید 545 کیسز سامنے آئے اور 16 مریض انتقال کر گئے، جس میں بلوچستان کے گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 23 کیسز بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض کووِڈ 19 سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 408 رہ گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز ایک ہی تاریخ یعنی 26 فروری کو سامنے آئے تھے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تعلیمی ادارے اور پر ہجوم مقامات کو بند کردیا گیا تھا بعدازاں لاک ڈاؤن نافذ کر کے ہر قسم کی سرگرمیاں محدود کردی گئی تھیں۔

تاہم معاشی چیلنجز کو دیکھتے ہوئے اپریل میں ہی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی شروع کردی تھی اور مئی میں متعدد کاروبار کھول دیئے گئے تھے جس کی وجہ سے جون میں پاکستان وبا پر عروج پر جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں جون میں حکومت کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے وہاں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے اور ٹی ٹی کیو پالیسی کو مؤثر انداز میں اپنانے سے جولائی میں وبا کا پھیلاؤ سست ہوگیا تھا اور اگست سے ستمبر کے وسط تک صورتحال حوصلہ افزا رہی۔

آج ملک میں وبا کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 239 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آئیں۔

اس اضافے کے بعد سندھ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 713 اور اموات بڑھ کر 2579 ہوگئیں۔

بیان میں کہا کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 180 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد وبا سے شفا پانے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 674 ہوگئی ہے۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مزید 58 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 9 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے بنائے گئے خصوصی سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 58 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 425 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب مزید 9مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 132 افراد کورونا وائرس سے متاثرہ پائے گئے جو گزشتہ کچھ عرصے کے مقابلے خاصی بڑی تعداد ہے، اس کے علاوہ ایک مریض انتقال کر گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 17 ہزار 913 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں ایک مریض کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 193 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے میں بھی کیسز کی تعداد میں بڑا اضافہ دیکھا گیا اور مزید 76 افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے اور ایک مریض انتقال کر گیا۔

کووِڈ 19 کے سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 398 ہوگئی ہے۔

مزید ایک مریض کے زندگی کی بازی ہار جانے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 81 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

سیاحت کے لیے ملک میں معروف مقام گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 17 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

حکومت کے اکٹھا کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 33 ہوگئی ہے۔

اس خطے میں کووِڈ 19 کے اب تک انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 90 ہے۔

صحتیابی کی شرح

کووِڈ 19 کے نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ صحتیاب مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 805 مریض اس وائرس سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

اس طرح میں ملک میں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 6 ہزار640 ہوگئی ہے جو مجموعی کیسز کا 95 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 322691

اموات: 6643

صحتیاب: 306640

فعال کیسز: 9408

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 713 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ ایک ہزار 425 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 565 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 644 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 ہزار 913، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 33 اور کشمیر میں 3ہزار 398 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2579

پنجاب: 2288

خیبرپختونخوا: 1265

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 194

آزاد کشمیر: 81

گلگت بلتستان: 90

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024