• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

نواز شریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا، شیخ رشید

شائع October 17, 2020
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو:ڈان نیوز
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سیاسی جنازہ ہی پاکستان آئے گا ان کی سیاست نہیں آئے گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'اعلان جنگ ہوچکا ہے اور نواز شریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا'۔

انہوں نے کہا کہ 'نواز شریف ایک اشتہاری مجرم ہے، بھارت میں الطاف حسین کو اتنی کوریج نہیں مل رہی جتنی گزشتہ روز نواز شریف کو ملی ہے، الطاف حسین نمبر دو کا نام نواز شریف ہے'۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گوجرنوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جس میں 10 سے زائد اپوزیشن جماعتیں شامل ہیں، کا پہلا جلسہ ہوا تھا، جس سے نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا تھا، انہوں نے اپنے خطاب میں پاک فوج کی قیادت کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کے دوان مزید کہا کہ 'شہباز شریف میری پارٹی کا بندہ ہے وہ بہتر کھیل رہا ہے مگر یہ لوگ اس کی جڑوں میں بیٹھ گئے ہیں'۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم جلسہ: رہنماؤں کے حکومت پر وار،نواز شریف کا ویڈیو لنک سے خطاب، فوجی قیادت پر الزامات

ان کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف صاحب بھگوڑے ہیں، انہیں معلوم ہی نہیں کہ وہ وہی کھیل کھیل رہے ہیں جو بین الاقوامی ایجنڈا ہے'۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ وہی نواز شریف ہیں جو میمو گیٹ میں آصف زرداری کے خلاف کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے کا موازنہ 1986 کے بے نظیر کے جلسے اور عمران خان کے مینار پاکستان کے جلسے سے کیا جائے تو یہ اس کے بال برابر بھی نہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ '1986 کے بینظیر کے جلسے سے جب ضیا الحق کی حکومت نہیں گئی اور مینار پاکستان پر عمران خان کے جلسے سے نواز شریف کی حکومت نہیں گئی تو ان کے جلسوں سے ہماری حکومت کیسے ختم ہوسکتی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'نوٹی فکیشن جاری ہونا چاہیے کہ نواز شریف کی پارٹی ملک دشمن پارٹی ہے اور اس پر پابندی لگائی جاتی ہے، یہ پڑوسی ملک سے پیسے لے کر ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: اداروں کیخلاف دشمنوں کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شبلی فراز

ان کا کہنا تھا کہ 'واضح ثبوت ہیں کہ یہ جلسہ اربوں روپے کا جسلہ ہے تاہم میں اس کے خلاف بات نہیں کرتا کیونکہ اس سے غریبوں کو ایک دو دن کے پیسے مل جاتے ہیں'۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'مریم نواز کو اگر باہر نہ بھیجنا ہوتا تو یہ ٹولہ کبھی اکٹھا نہیں ہوتا'۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'نواز شریف صاحب استنبول کے ہوٹل میں 11 بجکر 20 منٹ پر ہونے والی ملاقات سے میں واقف ہوں اور میں نے خود خاموشی اختیار کر رکھی ہے'۔

تاہم انہوں نے اس ملاقات کے بارے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی سے متعلق اپنے گزشتہ دعوے کو دہرایا کہ '31 دسمبر تک آپ کو کئی لوگ چھوڑ جائیں گے'۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'اگر مسلم لیگ (ن) پاکستان دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کرے گی تو اس پر پابندی لگنی چاہیے، نواز شریف نے اپنی سیاست کا گلا خود گھونٹا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے نواز شریف کی تکرار نہیں ہوئی ہو، اب یہ کھل کر سامنے آگئے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر نواز شریف غربت اور مہنگائی کے خلاف یہ سب کر رہے ہیں تو پہلے یہاں آئیں'۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف نے کل جو کردار ادا کیا اس سے عمران خان کی حکومت اور مضبوط ہوئی'۔

اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'ایک سے دومہینے میں مہنگائی میں کمی آئے گی'۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024