• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پشاور، سوات سمیت کے پی کے شمالی علاقوں میں زلزلہ

شائع October 16, 2020
سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے—فائل/فوٹو:رائٹرز
سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے—فائل/فوٹو:رائٹرز

پشاور اور سوات سمیت خیبر پختونخوا (کے پی) کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا کے شمالی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور شہری اپنے گھروں اور دفاتر اور دکانوں سے قرآنی آیات کی ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔

رپورٹ کے مطابق شانگلہ، سوات، کوہستان، دیر، چترال اور پشاور میں 4.9 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے جبکہ کسی قسم کے نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں زلزلہ

زلزلے کا مرکز افغانستان کا صوبہ بدخشاں تھا جہاں اس کی گہرائی 27 کلو میٹر تھی اور شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی۔

اس سے قبل مالاکنڈ اور ہزارہ میں 16 اکتوبر 2016 کو بھی 7.5 شدت کے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے اور شانگلہ میں 48 افراد جاں بحق اور 133 زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے رواں برس 16جون کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں دن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

سرکاری خبر ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ صبح ساڑھے چھ بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔

پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان میں سطح زمین سے 112 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلہ

زلزلے کے جھٹکے جڑواں شہروں کے علاوہ پشاور، سوات، شمالی وزیرستان، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

اس علاوہ دوپہر 2 بجے کے بعد بھی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے ایک مرتبہ پھر محسوس کیے گئے تھے۔

اس سے قبل 24 ستمبر2019 کو پنجاب اور آزاد کشمیر میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس نے جہلم اور آزاد کشمیر کے علاقے میر پور کو سب سے زیادہ متاثر کیا تھا۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا میں شدید زلزلہ، 25 افراد جاں بحق، 400 زخمی

اس زلزلے کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد مختلف علاقوں میں کچھ دن تک وقفے وقفے سے زلزلے آنے کا سلسلہ جاری رہا تھا۔

ماہ ستمبر میں آنے والے زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں جاتلاں کے علاقے میں مختلف مقامات پر سڑکیں دھنسنے کے ساتھ ساتھ متعدد عمارتیں بھی تباہ ہوگئی تھیں اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024