سشانت سنگھ کیس: سی بی آئی نے تحقیقات مکمل ہونے کی رپورٹس مسترد کردیں
بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی وجوہات سے متعلق تفتیش کرنے والے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے تحقیقات مکمل ہونے کی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی نے ایک بیان میں بتایا کہ 'سی بی آئی سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کررہی ہے'۔
بیان میں کہا گیا کہ میڈیا میں کچھ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ سی بی آئی اس معاملے میں کسی نتیجے پر پہنچ گئی ہے۔
سی بی آئی نے ایک مرتبہ پھر باور کرایا کہ یہ رپورٹس قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں اور غلط ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارتی وزیر کا سشانت سنگھ کی موت کو خودکشی قرار دینے کی رپورٹ پر اعتراض
مذکورہ بیان سے قبل بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن تحقیقات میں ایک نتیجے پر پہنچ گئی ہے اور ایجنسی کی جانب سے بہار کی عدالت میں رپورٹ جمع کروا کے یہ معاملہ جلد نمٹانے کا امکان ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی اور ابتدائی تین دن میں ہی ان کی ابتدائی پوسٹ مارٹم جاری کی گئی تھی، جس میں ان کے قتل کے خدشات کو مسترد کیا گیا تھا۔
بعد ازاں ان کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ بظاہر اداکار نے پھندا لگا کر خودکشی کی اور ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جب کہ ان کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔
اگرچہ زیادہ تر ماہرین اور سیکیورٹی عہدیدار اس بات پر متفق ہیں کہ سشانت سنگھ نے بظاہر خودکشی کی تاہم اداکار کے مداح اور ان کے قریبی رشتہ دار و اہل خانہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پریشان کرکے خودکشی پر مجبور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘سشانت سنگھ کو قتل نہیں کیا گیا، یہ خودکشی کا کیس ہے’
گزشتہ ہفتے سشانت سنگھ کی موت میں مبینہ کردار ادا کرنے کے الزام میں گرفتار اداکارہ ریا چکر بورتی کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت کے اہلخانہ، جنہوں نے ریا چکر بورتی کے خلاف مقدمہ کیا تھا اور سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا قتل کے شواہد نہ ملنے پر سی بی آئی پر تنقید کررہے ہیں۔
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی میں کب، کیا ہوا، مکمل تفصیلات جاننے کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کریں۔