• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عالمی بینک سے توانائی سے متعلق ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط

شائع October 16, 2020
وزیر اعظم شیلٹر ہوم میں پناہ گزینوں کے ساتھ کھانا کھارہے ہیں — فوٹو:اے پی پی
وزیر اعظم شیلٹر ہوم میں پناہ گزینوں کے ساتھ کھانا کھارہے ہیں — فوٹو:اے پی پی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے، پاکستان عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان توانائی سے متعلق ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کہی۔

یہ دونوں معاہدے خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں سے متعلق ہیں، خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں پر 45 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔

خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کا منصوبہ ایک ترقیاتی پروگرام ہے جس سے صوبے میں متبادل توانائی کی وسیع صلاحیت سے استفادہ میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی گورنر سندھ کو 'کے الیکٹرک' کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت

پراجیکٹ کے تحت 88 میگاواٹ کے گبرال کلام ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور 157 میگاواٹ کے مدیان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کی جائے گی ان منصوبوں سے خیبرپختونخوا کی انرجی ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کو متبادل توانائی کے وسائل کے فروغ کے لیے ایک عالمی سطح کا ادارہ بنانے میں مدد ملے گی۔

داسو ہائیڈرو پاور (فیز ون) پراجیکٹ پر 70 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔

سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد نے حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ خیبرپختونخوا، واپڈا اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے نمائندوں نے متعلقہ پراجیکٹ ایگریمنٹس پر دستخط کیے۔

عالمی بینک کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹر نجے بنحسینی نے دستخط کیے۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق وفاقی وزیر برائے معاشی امور مخدوم خسرو بختیار، وزیر بجلی عمر ایوب خان، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان اور مشیر ہمت اللہ خان بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے عالمی بینک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے حکومت کے ڈھانچے میں اصلاحات جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔

ہاؤسنگ سیکٹر پروجیکٹ کا جائزہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن و ڈیولپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کنسٹرکشن شعبہ سے منسلک 112 افراد اور کمپنیاں ایف بی آر کے ساتھ رجسٹر ہو چکے ہیں جو 123 منصوبوں پر کام کریں گے۔

چیئرمین ایف بی آر نے آن لائن رجسٹریشن سسٹم اور آگاہی سیمینار کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آگاہی سیمینار منعقد کئے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے

چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو پورٹل کام کر رہا ہے جس کے تحت سندھ میں 19 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، 75 منصوبوں کے لیے این او سی جاری کئے جا چکے ہیں۔

منصوبوں کی نگرانی کے لیے کمیٹی نوٹیفائی کر دی گئی ہے جس میں پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کے صوبہ میں ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن کے منصوبوں کی کل سرمایہ کاری 83 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور سیمنٹ، اینٹوں اور سریے کی فروخت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کے آسان اقساط کے حوالہ سے تمام پرائیویٹ بینکوں سے مشاورت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور ان کے تحفظات دور کئے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اجازت نامہ مہیا کرنے کے عمل کو شفاف، آسان اور کم مدت بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں میں آسانی ہو۔

صنعتکاروں سے ملاقات

ایک علیحدہ ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ جو ملک سرمایہ کار اور صنعت کار کو سہولیات مہیا کرتے ہیں، وہی ملک ترقی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے انڈسٹری اور یونیورسٹیز کے درمیان ریسرچ و ٹریننگ کے حوالے سے روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو فنی مہارت حاصل ہوسکے۔

مزید پڑھیں: کرشنگ میں تاخیر، وزیر اعظم سندھ کی شوگر ملز پر جرمانہ کرنے کے خواہاں

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وفد میں ثنا اللہ چودھری (یونایئٹڈ موٹر سائیکل)، عبدالرحمٰن (چیئرمین پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس و ایکسیسوریز مینوفیکچررز)، معین ظفر (پاکستان فرنیچر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن)، میاں افتخار احمد (پاکستان ٹائیر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن)، مرتضی پراچہ (آل پاکستان ایمپورٹرز و مینوفیکچررز)، عامر اللہ والا (موبائل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن)، سہیل الطاف ( آٹوموٹوز)، احتشام الدین (پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن) اور سردار یاسر الیاس ( اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) شامل تھے۔

وزیر اعظم کا شیلٹر ہوم کا دورہ

وزیر اعظم نے اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن (پشاور موڑ) میں پناہ گاہ کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے پناہ گاہ میں رہنے والوں کے ساتھ کھانا بھی کھایا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ وہاں کے بے گھر لوگوں کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کریں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024