• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی پی پی کے سینئر رہنما راشد ربانی کورونا سے انتقال کرگئے

شائع October 15, 2020
راشد ربانی کورونا کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے—فوٹو/ٹوئٹر
راشد ربانی کورونا کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے—فوٹو/ٹوئٹر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد حسین ربانی کورونا کے باعث کراچی کے مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

اہل خانہ کے مطابق راشد ربانی کورونا کا شکار ہوئے تھے اور اسی وجہ سے مقامی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

خیال رہے کہ راشد ربانی وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر کورونا کے باعث انتقال کرگئے

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔

پی پی پی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا کہ راشد ربانی کے انتقال پر دلی رنج ہوا ہے، پوری پارٹی افسردہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ راشد ربانی کے ناگہانی انتقال سے پارٹی ایک مثالی پُرعزم، ثابت قدم اور نظریاتی رہنما سے محروم ہو گئی ہے، مرحوم راشد ربانی کی زندگی کا محور فقط پیپلز پارٹی تھی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وہ آمروں کے خلاف جدوجہد میں صفِ اول کے سپاہی تھے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، پارٹی قیادت اور کارکنان کو راشد ربانی ہمیشہ یاد رہیں گے، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم راشد ربانی کو اپنی جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔

انہوں نے سوگوار خاندان سے بھی دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے راشد ربانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راشد ربانی کا شمار محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم کی جمہوریت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے راشد ربانی کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال میں کورونا وائرس کی تصدیق

پی پی پی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ‘راشد ربانی کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، وہ ہمارے ساتھی، دوست اور کراچی میں ہمارے لیے بہت کچھ تھے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پی پی پی کے پرانے ساتھی، ہمیشہ پرجوش اور متحرک رہتے تھے اور کراچی میں ان کے بغیر کسی سرگرمی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا’۔

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راشد حسین ربانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک دیرینہ اور پختہ کار سیاسی کارکن تھے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بھی پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ راشد ربانی منکسر المزاج اور جہاں دیدہ سیاست دان تھے۔

خیال رہے کہ فروری 2020 سے ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے اب تک کئی سیاسی و سماجی شخصیات، کرکٹر، فلمی ستاروں و دیگر افراد اس عالمی وبا کا شکار ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کے رہنما نیر بخاری کورونا وائرس سے متاثر

ان میں سے زیادہ تر افراد قرنطینہ میں رہنے اور ضروری طبی علاج کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کچھ کا انتقال بھی ہوا ہے۔

سیاستدانوں کی بات کی جائے تو قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سندھ کے وزیر سعید غنی ان سیاستدانوں میں شامل تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تاہم یہ تمام لوگ صحتیاب ہوگئے۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہوکر صحتیاب ہوئی ہیں۔

عالمی وبا کے باعث پاکستان میں جو سیاست دان جانبر نہ ہوسکے ان میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، پی ٹی آئی پنجاب کی رکن اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشیدالدین کاکاخیل، پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدر سید جعفر شاہ و دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024