• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شیکسپیئر کی پہلی کتاب ایک کروڑ ڈالر میں نیلام

شائع October 15, 2020
کتاب کو 1623 میں شائع کیا گیا تھا—فوٹو: رائٹرز
کتاب کو 1623 میں شائع کیا گیا تھا—فوٹو: رائٹرز

دنیا کے عظیم ترین مصنفوں، شاعروں اور لکھاریوں میں سب سے اونچا مقام رکھنے والے انگریز مصنف ولیم شیکسپیئر کی پہلی کتاب کو ریکارڈ قیمت میں نیلام کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ولیم شیکسپیئر کی 1623 میں لکھی گئی کتاب کو امریکی شہر نیویارک کے کرسٹیز نیلام گھر میں تقریبا ایک کروڑ ڈالر میں فروخت کردیا گیا۔

شیکسپیئر کی جس کتاب کو 99 لاکھ 98 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا ڈیڑھ ارب روپے سے زائد میں فروخت کیا گیا، اسے ’دی فرسٹ فولیو‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

’دی فرسٹ فولیو‘ کو ولیم شیکسپیئر کی موت کے 7 سال بعد ان کے لکھاری دوستوں جان ہیمنگس اور ہینری کونڈیل نے ترتیب دے کر شائع کروایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شیکسپیئر کا بھیانک خواب

مذکورہ کتاب کی دنیا بھر میں صرف 235 کاپیاں موجود ہیں، جس میں بھی محض 6 کاپیز کو اصل مانا جاتا ہے اور جس کاپی کو ایک کروڑ ڈالر میں فروخت کیا گیا وہ ان 6 اصل کاپیز میں سے ایک تھی۔

ولیم شیکسپیئر کی موت 1616 میں ہوگئی تھی اور ان کی پہلی کتاب کو 1623 میں شائع کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 36 ڈرامے اور کہانیاں دی گئیں۔

ولیم شیکسپیئر کی پہلی کتاب میں ان کے مقبول ترین ڈرامے جولیس سیزر سمیت 18 ایسی کہانیاں شائع کی گئیں، جنہیں پہلے کبھی شائع نہیں کیا گیا تھا اور اگر مذکورہ کتاب میں وہ کہانیاں نہیں ہوتیں تو دنیا شاہکار ادب سے محروم رہ جاتی۔

کتاب 99 لاکھ  98 ہزار ڈالر میں فروخت کردی گئی—فوٹو: رائٹرز
کتاب 99 لاکھ 98 ہزار ڈالر میں فروخت کردی گئی—فوٹو: رائٹرز

ولیم شیکسپیئر کی فروخت ہونے والی کتاب سے قبل ان کی ہی ایک اور کتاب کو 2001 میں ریکارڈ قیمت یعنی 65 لاکھ ڈالر میں نیلام کیا گیا تھا لیکن اب ان کی کتاب کو ریکارڈ قیمت پر فروخت کردیا گیا۔

ولیم شیکسپیئر کی پہلی کتاب کو جہاں ریکارڈ قیمت میں فروخت کیا گیا، وہیں وہ دنیا کی پہلی ادبی تخلیق بھی بن گئی، جسے ایک کروڑ ڈالر کی قیمت پر فروخت کیا گیا۔

کتاب کی فروخت سے قبل نیلام گھر نے اندازے لگائے تھے کہ کتاب 65 لاکھ سے 75 لاکھ ڈالر کے درمیان فروخت ہوگی، تاہم کتاب اندازوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہوگئی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کتاب کو کس نے خریدا، تاہم کتاب کو فروخت کرنے والے امریکی کالج نے فخر کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ انہوں نے دنیا کے معروف ادیب کی کتاب کو فروخت کیا۔

مزید پڑھیں: میرا سیٹھی شیکسپیئر کے ڈرامے کے اردو ورژن میں کاسٹ

امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جس کالج نے مذکورہ کتاب کو فروخت کے لیے پیش کیا، اس کے پاس یہ کتاب 19 ویں صدی کے آغاز میں آئے تھی اور تب سے کالج انتظامیہ نے کتاب کو محفوظ کر رکھا تھا۔

خیال رہے کہ ولیم شیکسپیئر 1564 میں انگلستان میں لندن کے قریب ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوئے، انہیں جہاں انگلستان اور انگریزی زبان کا بے سب سے بڑا شاعر و لکھاری مانا جاتا ہے، وہیں اسے دنیا کے عظیم مصنفوں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ دنیا کے اس عظیم مصنف نے محض 38 ڈرامے یا قصے لکھے جب کہ ان کی نظموں کی تعداد بھی 150 تک بتائی جاتی ہے۔

انہوں نے رومانس، المیے، تاریخ اور سیاست سمیت اپنے دور کے اچھوتے موضوعات کو اس طرح تحریروں میں قید کیا کہ آج بھی ان کی تحریریں تازہ لگتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024