نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سندھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا، سینٹرل پنجاب بھی فاتح
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی ٹیم نے اعظم خان کی 88 رنز کی اننگز کی بدولت مضبوط ٹیم ناردرن پاکستان کو 25 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ سینٹرل پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 3 رنز سے ہرا دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 25 میچ کا ٹاس ناردن کے کپتان عماد وسیم نے جیتا لیکن سندھ کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوا۔
سندھ کے اوپنر خرم منظور اور شرجیل خان نے 19 رنز کی شراکت کی جبکہ دوسری وکٹ پر سعود شکیل نے شرجیل خان کا ساتھ دیا اور اسکور 55 رنز تک پہنچا دیا۔
خرم منظور اور شرجیل خان بالترتیب 13 اور 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، جس کے بعد 67 کے اسکور پر سعود شکیل کی 25 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔
اعظم خان نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان سرفراز کے ساتھ چوتھے وکٹ پر ٹیم کا اسکور 197 رنز تک پہنچادیا اور وہ 5 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 88 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
سرفراز احمد نے آوٹ ہوئے بغیر 55 رنز بنائے اور دانش عزیز نے اختتامی لمحات میں 10 رنز کی اننگز کھیلی۔
سند نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے جو ٹورنامنٹ کا ایک بڑا اسکور تھا۔
مزید پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
ناردرن کے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک بڑے ہدف کے تعاقب ناردرن کے اوپنرز نے بھی 116 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی بنائیں۔
عمرامین 51 رنز بنا کر آوٗٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جس کے بعد 61 رنز بنانے والے دوسرے اوپنر ذیشان ملک بھی انور علی کی وکٹ بن گئے۔
آصف علی صرف ایک رن بناسکے تاہم نوجوان بلے باز حیدر علی اور شاداب خان نے بالترتیب 27 اور 26 رنز بنا ٹیم کو مشکلات سے دوچار ہونے سے بچانے کی کوشش کی۔
دونوں بلے باز156 اور 178 کے اسکور پر آوٗٹ ہوئے اور اس وقت اننگز کا 19 واں اوور جاری تھا۔
روحیل نذیر 4 رنز بنا کر آوٗٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 12 اور عماد وسیم نے آوٗٹ ہوئے بغیر5 رنز بنائے۔
ناردرن کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 196 رنز بنا سکی اور میچ 25 رنز سے ہار گئی۔
سندھ کی جانب سے محمد حسنین نے 3 اور انور علی نے 2 قیمتی وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: سندھ کی کے پی کو شکست، سدرن کی سینٹرل پنجاب کے خلاف فتح
اعظم خان کو شان دار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم ناردرن پاکستان نے سندھ شکست سے قبل ہی سب سے زیادہ 12 پوائنٹس حاصل کرکے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا تھا۔
سندھ نے خیبرپختونخوا کے بعد 10 پوائنٹس حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
سینٹرل پنجاب نے خیبر پختونخوا کو چت کردیا
راولپنڈی میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے خیبر پختونخوا کو 3 رنز سے شکست دی۔
خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔
خیبر پختونخوا کو پہلی وکٹ 3 رنز کے مجموعی اسکور پر حاصل ہوگئی جب کامران اکمل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
تاہم اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 80 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد بابر اعظم کی اننگز کا 39 رنز پر خاتمہ ہوا۔
اس کے بعد محمد اخلاق نے عبداللہ شفیق کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
عبداللہ شفیق نے 48 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سینٹرل پنجاب نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔
خیبر پختونخوا کے عمران خان اور عثمان شنواری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں خیبر پختونخوا کے 3 کھلاڑی 27 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹ گئے اور فخر زمان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
تاہم کپتان محمد رضوان نے ہار نہ مانی اور 68 گیندوں پر 99 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کو سنسنی خیز بنادیا، لیکن دوسرے اینڈ سے یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم صرف 3 رنز کے فرق سے کامیابی نہ دلا سکے۔
شعیب ملک نے 10، افتخار احمد نے 21 اور مصدق احمد نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔
خیبر پختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز ہی بنا سکی۔
سینٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 وکٹیں حاصل کی جبکہ احسان عادل نے 2 اور فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
شاندار بلے بازی پر محمد اخلاق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔