• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسکرین پر خواتین کی تضحیک دکھانا آرٹ نہیں، حمزہ عباسی

شائع October 14, 2020
ماضی میں بھی اداکار آئٹم سانگس کے خلاف باتیں کرتے رہے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ماضی میں بھی اداکار آئٹم سانگس کے خلاف باتیں کرتے رہے ہیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

ایک سال قبل اداکاری سے کنارہ کشی کرنے کے بعد حال ہی میں شوبز میں واپسی کا عندیہ دینے والے حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ اسکرین پر خواتین کو عریاں دکھانا یا ان کی تضحیک کرنا آرٹ نہیں ہے۔

معروف اداکار نے ڈیجیٹل نیوز چینل پاک فائیو لائیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آئٹم سانگس یا نیم عریاں شوز میں اسکرین پر تضحیک آموز طریقے سے دکھانا آرٹ نہیں ہے اور نہ ہی اسے سیکولرزم کہتے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ اسکرین پر خواتین کو بولڈ اور نیم عریاں انداز میں دکھانا ان کی تذلیل ہے اور اسے کسی طرح آرٹ نہیں کہا جا سکتا اور نہ ہی یہ عمل مذہب اور سیکولرزم میں قابل قبول ہے۔

ان کے مطابق ٹی وی چینلز پر نیم عریاں شوز اور آئٹم سانگس کو بھی آرٹ کہنا غلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا شوبز میں واپسی کا عندیہ

حمزہ علی عباسی ماضی میں بھی آئٹم سانگس کی مخالفت کرتے رہے ہیں، ساتھ ہی وہ اسکرین پر پیش کیے جانے والے مواد کو تخلیقی اور بہتر بنانے کے حوالے سے بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کچھ دن قبل ہی ڈیجیٹل نیوز چینل سے مذکورہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹوئٹر پر لاکھوں فالوور بنانے میں 7 سال لگے اور اگلے 6 مہینے میں وہ فالوورز کی تعداد ایک کروڑ تک لے جانا چاہتے ہیں۔

فی الحال اداکاری سے دور رہنے والے حمزہ علی عباسی نے اپنی آنے والی فلم دی لیجنڈ آف مولاجٹ پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ نئے ریکارڈز بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے سیاسی معاملات پر بھی بات کی اور کہا کہ ان کے خیال میں اگرچہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت عوام میں بہت زیادہ مقبول نہیں ہے، تاہم اس باوجود وہ کسی نہ کسی سطح پر عوام میں مقبول ضرور ہے۔

حمزہ علی عباسی نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی پر بھی بات کی اور شرارتی انداز میں کہا کہ مذکورہ ڈراما آئٹم سانگ کے بغیر مقبول ہوا۔

خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ ستمبر میں ہی ایک انٹرویو کے دوران عندیہ دیا تھا کہ وہ جلد شوبز میں واپسی کریں گے۔

حمزہ علی عباسی نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے 2 منصوبے زیر تکمیل ہیں، جن کے مکمل ہونے سے ہی وہ شوبز میں واپسی کریں گے۔

مزید پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا 'اداکاری سے کنارہ کشی' کا اعلان

انہوں کہا کہ تھا کہ انہوں نے نومبر 2019 میں شوبز چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا بلکہ طویل عرصے تک وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے جس وقت شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، اس وقت ان کی آنے والی ایکشن فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ تکمیل کے آخری مراحل میں تھی اور اب اس فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

تاہم کاپی رائٹس اور بعد ازاں کورونا کی وبا کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی لیکن اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی مذکورہ رواں سال کے آخر یا پھر آئندہ سال کے آغاز میں ریلیز کی جائے گی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ فواد خان اور ماہرہ خان جیسے اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

asad Oct 15, 2020 12:22pm
This time he is right.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024