کووِڈ 19 کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے خطرہ کم کرنے کے اقدامات اہم ہیں، اسد عمر
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کے لیے خطرے کو کم کرنے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ حکومت کے تیار کردہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے جس میں ماسک پہننا اور دیگر ہدایات شامل ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 103 اضلاع کی 3 ہزار 497 مارکیٹس میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ 50 فیصد ٹیسٹنگ ٹریس، ٹیسٹ اور قرنطینہ حکمت عملی کے تحت کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے، تحقیق
این سی او سی اجلاس میں شرکت کرنے والے صوبائی چیف سیکریٹریز نے اپنے صوبے کی حکومتوں کی جانب سے وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت اسکولوں، تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کی نگرانی کررہی ہے، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی حکام این سی او سی کی صحت کے حوالے سے ہدایات پر عملدرآمد کروانے کے لیے انتظامی اقدامات کریں گے۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کچھ ریسٹورنٹس، شادی ہالز کے خلاف کارروائی کی ہے۔
دریں اثنا چیف سیکریٹری بلوچستان نے کہا کہ ٹی ٹی کیو (ٹیسٹ ٹریس، قرنطینہ) کی حکمت عملی سے صوبے میں کووِڈ 19 کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
مزید پڑھیں: کووڈ 19 موسمِ سرما میں تیزی سے پھیل سکتا ہے، قومی ادارہ صحت
اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ اب تک قوم نے درست اقدام اٹھائے ہیں جس سے بیماری کا پھیلاؤ روکنے اور اموات کی تعداد کم کرنے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عوام کا فعال ردِعمل اب تک اہم رہا ہے اور پاکستان کے عوام نے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہدایات پر عمل کرنے میں خاصی سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔
اسد عمر نے عوام کے رویوں میں تبدیلی لانے کے لیے مؤثر پیغام رسانی اور لوگوں تک پہنچنے پر میڈیا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے این سی او سی نے بڑے پیمانے کی عوامی تقریبات پر پابندی عائد کردی تھی اور ملک میں کورونا کیسز میں حالیہ اضافے کے بعد نئی ہدایات کاری کی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سردیوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے، وزیراعظم
اس پیشرفت سے واقف عہدیداران کے مطابق این سی او سی نے اس بات کی نشاندہی کی کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں بڑے اجتماعی پر پابندی عائد کیے کیوں کہ وہاں انفیکشنز میں دوبارہ اضافے کا خدشہ ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے بھی عوام پر احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے زور دیا تھا کیوں کہ موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔