نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: کے پی نے سدرن پنجاب، سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ہرادیا
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے اہم میچ میں خیبرپختونخوا (کے پی) کی ٹیم نے فخر زمان کی شان دار بلے بازی کی بدولت سدرن پنجاب کو 73 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
خیبر پختونخوا کے کپتان محمد رضوان 28 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان نے اپنی شان دار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔
مزید پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
فخر زمان اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ میں ٹیم کا اسکور 99 رنز تک پہنچایا، اس دوران فخر نے اپنی نصف سنچری بنائی۔
خیبرپختونخوا کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جنہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ 17 رنز بنانے والے محمد حفیظ صرف ایک رن کے اضافے پر پویلین لوٹے۔
تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے آؤٹ ہوئے بغیر 33 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا اسکور ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا جس کے لیے انہوں نے 28 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک چوکا لگانے میں کامیاب ہوئے۔
افتخار احمد 4 چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مصدق احمد بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے صرف 9 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
خیبر پختونخوا نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 205 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کی کمزور ٹیم کو ایک بڑا ہدف دیا۔
عامر یامین اور محمد الیاس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم کے کپتان شان مسعود کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ناقص آغاز کے بعد زین عباس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو سہارا دیا اور 21 رنز تک پہنچایا مگر ذیشان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم صہیب مقصود نے 17 رنز بنا کر 61 کے اسکور پر زین عباس کا ساتھ دیا۔
ٹورنامنٹ کی تیز ترین سنچری بنانے والے خوشدل شاہ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سدرن پنجاب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور ٹیم سنبھل نہ پائی۔
زین عباس 34 رنز بنا کر اور عامر یامین صفر پر محمد حفیظ کی فیلڈنگ پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض نے حسین طلعت کی 13 رنز کی اننگز تمام کی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی کپ: بلوچستان نے خیبر پختونخوا کو ہرا دیا، سندھ نے سینٹرل پنجاب کو چت کردیا
سدرن پنجاب کی ٹیم جب انتہائی مشکل میں تھی تو محمد عمران جونیئر نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے لیکن 2 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری بھی مکمل نہ کرپائے۔
پوری ٹیم آخری اوور میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 75 رنز کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبر پختونخوا کی جانب سے جنید خان نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
فخر زمان کو شان دار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سینٹرل پنجاب کی بلوچستان کے خلاف فتح
دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب سے بلوچستان کی ٹیم باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
سینٹرل پنجاب کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر ان کے باؤلرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کردیا۔
گزشتہ میچ میں بڑی اننگز کھیلنے والے امام الحق 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد اویس ضیا بھی 5 رنز بنا سکے اور عبدول بنگلزئی صفر پر پویلین لوٹے۔
کپتان حارث سہیل نے 41 رنز بنا کر ٹیم کو تباہی سے بچایا تاہم بسم اللہ خان 11، اکبرالرحمٰن 19 اور عماد بٹ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عمید آصف نے 14 رنز بنائے لیکن دیگر بلے باز جلد آؤٹ ہوگئے۔
بلوچستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 125 رنز بنا کر سینٹرل پنجاب کو ایک آسان ہدف دیا۔
سینٹرل پنجاب کے احمد بشیر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، قاسم اکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بابر اعظم کی قیادت میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے آسان ہدف باآسانی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
کامران اکمل آؤٹ ہونے والے واحد بلے باز تھے جنہوں نے 33 رنز بنائے اور 86 کے اسکور پر عماد بٹ کو وکٹ دے گئے۔
بابراعظم نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 64 رنز بنائے اور ٹورنامنٹ کے کامیاب بلے باز عبداللہ شفیق نے 28 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 14ویں اوور کی چوتھی گیند پر 127 رنز بنا کر بلوچستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بشیر احمد کو 4 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔