• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وبا: ملک میں 644 نئے کیسز اور 11 اموات کا اضافہ، مزید 727 مریض صحتیاب

شائع October 12, 2020 اپ ڈیٹ October 13, 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان، دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال خطے کے دیگر ممالک سے قدرِ بہتر ہے، تاہم گزشتہ کچھ روز سے ایک مرتبہ پھر کیسز کی تعداد بڑھی ہے اور موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر دوسری لہر کا بھی خدشہ ہے۔

ملک میں مجموعی طور پر اب تک 3 لاکھ 19 ہزار 576 افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جس میں سے 3 لاکھ 4 ہزار 185 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 581 انتقال کر چکے ہیں۔

پاکستان میں آج 12 اکتوبر کو مزید 644 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 11 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ 727 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 810 ہے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں سندھ کے 163 کیسز اور 6 اموات، خیبرپختونخوا کے 19 کیسز ایک موت اور بلوچستان 5 کیسز وہ تھے جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے اب تک وبا کی صورتحال میں خاصی بہتری آچکی ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

گزشتہ ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 12 اکتوبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 10 ہزار 241 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 240 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کیسز کے اضافے کے بعد صوبے میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 534 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس سے ایک مریض جاں بحق بھی ہوا جس کے بعد اموات کی تعداد 2556 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آج کورونا وائرس سے مزید 77 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 77 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو ایک لاکھ 764 تک پہنچا دیا۔

دوسری جانب مزید ایک مریض کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 258 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 35 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 17 ہزار 331 ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال سے مجموعی اموات کی تعداد 189 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کے مطابق صوبے میں کورونا کے 19 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 38 ہزار 367 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات 1264 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 13 افراد وائرس کا شکار بنے جبکہ ایک کا انتقال ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 937 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال سے یہ تعداد 90 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں مزید 73 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔

کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 73 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 3 ہزار 118 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 727 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 727 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 4 ہزار 185 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 319576

اموات: 6581

صحتیاب: 304185

فعال کیسز: 8810

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 534 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 764 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 367 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 525 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 ہزار 331، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 937 اور آزاد کشمیر میں 3 ہزار 118 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2556

پنجاب: 2258

خیبرپختونخوا: 1264

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 189

گلگت بلتستان: 90

آزاد کشمیر: 78

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024