لمبی ٹانگوں والی دنیا کی کم عمر ترین لڑکی
دنیا بھر میں سالانہ جہاں کھیل اور کرتب بازی کے نئے ریکارڈز بنتے ہیں، وہیں کئی ایسے ریکارڈز بھی بنتے ہیں جن کا تعلق انسانی جسم اور زندگی سے ہوتا ہے۔
انسانی جسم اور زندگی سے تعلق رکھنے والے منفرد ریکارڈز کی بات سنتے ہی، کئی لوگ حیران رہ جاتے ہیں اور ایسا ہی منفرد ریکارڈ ایک جواں سالہ امریکی لڑکی نے بھی اپنے نام کرکے سب کو حیران کردیا۔
جی ہاں، امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر کیڈر پارک سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی میسی کیورن نے دنیا کی سب سے لمبی ٹانگوں والی کم عمر لڑکی کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق میسی کیورن کی ٹانگوں کی لمبائی ان کی پوری جسامت کا 60 فیصد حصہ ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی دونوں ٹانگوں کی لمبائی بھی ایک جتنی نہیں۔
جواں سالہ میسی کیورن کی بائیں ٹانگ اس کی دائیں ٹانگ سے زیادہ لمبی ہے، جس وجہ سے اسے چلنے پھرنے میں ذہنی الجھن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق میسی کیورن کی بائیں ٹانگ کی لمبائی 53 انچ جب کہ بائیں ٹانگ 52 انچ سے تھوڑی زیادہ اور بائیں ٹانگ سے تقریبا نصف انچ چھوٹی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی کیورن کے 6 فٹ 10 انچ لمبے قد کا 60 فیصد حصہ اس کی ٹانگوں پر مشتمل ہے اور اس کی ٹانگیں 5 فٹ کی لمبائی سے تھوڑی چھوٹی ہیں۔
میسی کیورن کی ٹانگیں پیدائشی لمبی ہیں اور بچپن میں ان کے والدین کا خیال تھا کہ وہ اس کا قد دوسرے بچوں سے تھوڑا سا زیادہ ہوگا لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ اس کی ٹانگوں کی لمبائی حیران کن طور پر بڑھ گئی۔
میسی کیورن اس وقت اپنے خاندان میں سب سے دراز قد ہیں جب کہ ان کے والد کا قد بھی دراز ہے لیکن اس کے باوجود وہ لمبائی میں اپنی بیٹی سے 5 انچ چھوٹے ہیں۔
میسی کیورن کے والد کا قد 6 فٹ 5 انچ ہے، ان کے ایک بھائی کا قد بھی 6 فٹ 4 انچ جب کہ والدہ کا قد 5 فٹ 7 انچ ہے اور وہ ایک کرسی پر کھڑی ہوکر اپنی بیٹی کے برابر ہوجاتی ہیں۔
میسی کیورن نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کو بتایا کہ ابتدائی طور پر انہیں لمبی ٹانگوں کی وجہ سے شرمندگی کا احساس ہوتا تھا مگر اب انہیں کچھ نہیں ہوتا۔
میسی کیورن جہاں اپنی لمبی ٹانگوں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں، وہیں انہوں نے ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر بھی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں، جہاں ان کے ہزاروں فالوورز ہیں۔