وفاقی محتسب کے پاس شکایات کی تعداد میں اضافہ
اسلام آباد: گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال وفاقی حکومت کے زیر انتظام محکموں میں بدانتظامی کے خلاف وفاقی محتسب کے دفتر میں دائر شکایات کی تعداد میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق 9 ماہ کی مدت کے دوران ایک لاکھ سے زائد افراد نے اپنے مسائل حل کرنے کے لیے محتسب کے دفتر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’جنوری سے 30 ستمبر تک وفاقی محتسب کے دفتر میں ایک لاکھ 4 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 94 ہزار شکایات نمٹا دی گئیں جبکہ گزشتہ سال 53 ہزار 213 شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں سے 53 ہزار 73 کو نمٹایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ نے مشتاق سکھیرا کو ٹیکس محتسب کے عہدے پر بحال کردیا
محتسب کا دفتر کسی بھی وفاقی سرکاری ایجنسی میں بدعنوانی سے متعلق شکایات کی آزادانہ تحقیقات کرکے شکایات کو حل کرنے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کا ذمہ دار ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن بھی شکایات کے بہاو کو نہیں روک سکا اور اس سال جنوری سے ستمبر تک ان کی تعداد دگنی ہو گئی جو 2019 کی اتنی مدت کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
محتسب آفس کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ’بیداری مہم کی کامیابی اور اس ادارے پر لوگوں کے اعتماد کا ثبوت ہے‘۔
ویڈیو کانفرنس پر ہیڈ آفس اور علاقائی دفاتر کے تفتیشی افسران کے سہ ماہی پیشرفت جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے ان سے اپیل کی کہ وہ تحقیقات پر سختی سے عمل درآمد اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کریں۔
پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ 94 فیصد کیسز کا فیصلہ دنوں میں کیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ آؤٹ کمپلینٹ ریزولوشن پروگرام کو دوبارہ بحال کردیا گیا ہے اور تفتیشی افسران عوامی شکایات سننے اور ان کے علاقوں میں کھلی کچہری (عوامی فورم) کے ذریعے شکایات موصول کرنے کے لیے دور دراز علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
محتسب نے کورونا وائرس صورتحال میں بھی تمام تفتیشی افسران کی ’مطمئن‘ کارکردگی کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: مشتاق سکھیرا وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے سے فارغ
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور جیلوں میں موجود قیدیوں کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان، کوئٹہ اور پشاور میں علاقائی دفاتر کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
محتسب دفتر کے ترجمان جاوید چوہدری نے رابطہ کیے جانے پر بتایا کہ آگاہی مہم کی وجہ سے اس سال درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود اس سال وفاقی حکومت کے اداروں کی کارکردگی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محتسب آفس کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے میں بہتری ہے کیونکہ انہیں اس سے پہلے معلومات نہیں تھی کہ وہ 60 دن کے اندر فیصلہ سنانے کے لیے محتسب آفس میں بلا معاوضہ اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں۔