• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پیرس ہلٹن کے 'استحصال کرنے والے اسکول' کی بندش کیلئے تحریک

شائع October 11, 2020
اداکارہ کی سربراہی میں اسکول کے سامنے درجنوں افراد نے مظاہرہ کیا—فوٹو: اے پی
اداکارہ کی سربراہی میں اسکول کے سامنے درجنوں افراد نے مظاہرہ کیا—فوٹو: اے پی

معروف اداکارہ، معروف ریئلٹی اسٹار، کاروباری خاتون و سماجی رہنما 39 سالہ پیرس ہلٹن نے بچپن میں متعدد افراد کو ذہنی و جسمانی استحصال کا نشانہ بنانے والے اسکول کو بند کرنے کے لیے باضابطہ طور پر تحریک شروع کردی۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق پیرس ہلٹن نے امریکی ریاست اٹاہ میں موجود بورڈنگ اسکول پرووو کینیون کی بندش کے لیے اسکول کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پیرس ہلٹن کی سربراہی میں ہونے والے مظاہرے میں درجنوں ایسے افراد نے شرکت کی، جنہیں ماضی میں مذکورہ اسکول میں ذہنی و جسمانی تشدد و استحصال کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

احتجاج میں شریک ہونے والے افراد میں کئی معروف شخصیات شامل تھیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات فیشن، میڈیا، شوبز اور سوشل میڈیا میں اہم مقام پر پہنچ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بورڈنگ اسکول میں ذہنی و جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا گیا، پیرس ہلٹن

اے پی کے مطابق پریس ہلٹن کے علاوہ بھی کئی اہم امریکی شخصیات نے مذکورہ اسکول پر بچپن میں ذہنی و جسمانی استحصال کے الزامات لگائے ہیں اور مطالبہ کیا ہےکہ مذکورہ اسکول کو بند کیا جائے۔

مظاہرے میں شامل تمام افراد کا دعویٰ تھا کہ وہ بھی ماضی میں مذکورہ اسکول میں تشدد کا نشانہ بن چکے—فوٹو: اے پی
مظاہرے میں شامل تمام افراد کا دعویٰ تھا کہ وہ بھی ماضی میں مذکورہ اسکول میں تشدد کا نشانہ بن چکے—فوٹو: اے پی

اسکول پر الزام لگانے والی زیادہ تر شخصیات کے مطابق انہیں دوران تعلیم ذہنی مسائل کا علاج کرنے کے بہانے مشکوک ادویات دی جاتی تھیں جب کہ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔

علاوہ ازیں پیرس ہلٹن نے چینج ڈاٹ آرگنائیزیشن پر اسکول کی بندش کے لیے آن لائن مہم بھی چلا رکھی ہے، جس پر لاکھوں افراد دستخط کر چکے ہیں۔

ریاست اٹاہ کے بورڈنگ اسکول پرووو کینیون کے خلاف پیرس ہلٹن نے گزشتہ ماہ اس وقت تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا، جب انہوں نے ایک دستاویزی فلم جاری کی تھی۔

’یہ پیرس ہلٹن ہے‘ نامی دستاویزی فلم میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ ریاست اٹاہ میں موجود بورڈنگ اسکول پرووو کینیون میں تعلیم کے دوران انہیں کم عمری میں وہاں ذہنی و جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔

پیرس ہلٹن کا کہنا تھا کہ انہیں بورڈنگ اسکول میں بدترین طریقے سے ذہنی و جسمانی استحصال کا نشانہ بنایا گیا اور اب اس کا مقصد مذکورہ اسکول کو بند کروانا ہے۔

پیرس ہلٹن کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ ان پر بدترین جسمانی تشدد کرتی تھی، انہیں ذہنی مسائل کے بہانے نامعلوم ادویات دی جاتی تھیں، انہیں برہنہ نہاتے ہوئے دیکھا جاتا تھا اور سزا کے طور پر انہیں برہنہ قید کیا جاتا تھا۔

ایک گھنٹے سے طویل دورانیے کی دستاویزی فلم میں پیرس ہلٹن نے کئی انکشافات کیے تھے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
ایک گھنٹے سے طویل دورانیے کی دستاویزی فلم میں پیرس ہلٹن نے کئی انکشافات کیے تھے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

پیرس ہلٹن نے ویڈیو میں اپنی زندگی کے دیگر مسائل سے بھی پردہ اٹھایا تھا تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی تھی کہ انہیں بورڈنگ اسکول جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا تھا یا نہیں۔

پیرس ہلٹن کی دستاویزی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مذکورہ اسکول کی انتظامیہ نے جاری بیان میں کہا تھا کہ 2 دہائیاں قبل مذکورہ اسکول کی انتظامیہ کوئی اور تھی اور وہ ماضی کے معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔

مزید پڑھیں: پیرس ہلٹن شادی کے بغیر بچے کی خواہاں

اسکول انتظامیہ کے مطابق انہوں نے پرووو کینیون اسکول کو 2000 میں خریدا اور اس کے بعد انتظامیہ نے ہر بچے کی تربیت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے اور ہر بچے کو ان کی ذہنی و جسمانی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ پیرس ہلٹن ایک کاروباری خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے انتہائی کم عمری میں شوبز شخصیات کی توجہ کا مرکز بن گئی تھیں۔

پیرس ہلٹن کا تعلق دنیا بھر میں معروف اور پرتعیش ہوٹلز رکھنے والے ’ہلٹن ہوٹلز‘ خاندان سے ہے۔

پیرس ہلٹن نے 19 برس کی عمر میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ماڈلنگ ایجنسی سے معاہدے کرنے کے بعد کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

انہیں 2003 میں اس وقت مقبولیت ملی جب ان کی اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ نامناسب ویڈیوز لیک ہوئیں۔

ان کا شمار امیر ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جہاں وہ فلموں سے سالانہ ایک کروڑ ڈالر تک کمائی کرتی ہیں، وہیں وہ مختلف ایونٹس میں شرکت سے بھی سالانہ لاکھوں ڈالرز کماتی ہیں۔

انہوں نے اب تک 30 کے قریب فلموں میں اداکاری کی ہے اور انہیں اداکاری کی وجہ سے ایوارڈز بھی مل چکے ہیں تاہم انہیں ایک کاروباری خاندان کی بااثر خاتون کے طور پر زیادہ شہرت حاصل ہے۔

اداکارہ نے مذکورہ اسکول کو بند کروانے کا عزم کر رکھا ہے—فائل فوٹو: اے پی
اداکارہ نے مذکورہ اسکول کو بند کروانے کا عزم کر رکھا ہے—فائل فوٹو: اے پی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024