• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغانستان: صوبہ سرپل میں دھماکا، 13 افراد ہلاک

شائع October 11, 2020
دھماکا صوبے کے دارالحکومت میں ہوا—فائل فوٹو: اےایف پی
دھماکا صوبے کے دارالحکومت میں ہوا—فائل فوٹو: اےایف پی

افغانستان کے صوبہ سرپل میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں 10 افغان نیشنل آرمی (اے این اے) کے اہلکار اور 3 شہری ہلاک ہوگئے۔

افغان خبر ایجنسی ’طلوع‘ کی رپورٹ کے مطابق بم دھماکے میں 3 دیگر افراد زخمی بھی ہیں۔

مزیدپڑھیں: افغانستان: صوبہ کاپیسا میں دھماکے سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک

اس حوالے سے کہا گیا کہ دھماکا صوبے کے دارالحکومت میں ہوا۔

دوسری جانب سیکیورٹی حکام نے ابھی تک واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

علاوہ ازیں اب تک کسی بھی گروپ بشمول طالبان نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کی 7 تاریخ کو افغانستان کے شمال مشرقی صوبے کاپیسا میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک خاتون سمیت 3 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 5 اکتوبر کو افغانستان کے صوبہ لغمان کے گورنر کو خودکش دھماکے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: افغانستان: صوبہ لغمان کے گورنر کے قافلے پر خودکش حملہ، 8 افراد ہلاک

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لغمان کے گورنر رحمت اللہ یارمل کے قافلے سے بارود سے بھری گاڑی کو ٹکرا دیا گیا جس کے نتیجے میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔

گورنر کے ترجمان اسد اللہ دولت زئی نے بتایا تھا کہ جب گاڑی کو ٹکر ماری گئی اس وقت گورنر اپنے دفتر جارہے تھے، ان کے 4 محافظ اور 4 عام شہری ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔

یاد رہے کہ صدر اشرف غنی افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کے آغاز کے تین ہفتوں بعد قطری عہدیداروں سے ملاقات کے لیے دوحہ میں موجود ہیں۔

طالبان اور افغان حکومت کے مذاکرات کاروں کے مابین مذاکرات کا مقصد افغانستان کے 19 سالہ تنازع کو ختم کرنا ہے، البتہ مذاکرات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کو مرتب کرنے کے سلسلے میں چند معاملات کے باعث تعطل کا شکار ہیں۔

12 ستمبر کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کے آغاز کے بعد طالبان اور افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیمیں ملاقاتیں کر رہی ہیں، لیکن اب تک معاملات زیادہ آگے نہیں بڑھ سکے ہیں۔

مذاکراتی ٹیموں کے درمیان دوحا میں تقریباً روز ہونے والی ملاقاتوں میں اب تک امن عمل کے قواعد و ضوابط پر ہی بحث ہو رہی ہے اور بیشتر اہم معاملات پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: ننگرہار میں خود کش کار بم دھماکا، 15 افراد ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مشرقی صوبے ننگرہار میں ایک انتظامی عمارت کے داخلی دروازے پر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے باوجود افغانستان میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جولائی میں جاری ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سال 2020 کے پہلے چھ ماہ میں افغانستان میں ہونے والے حملوں میں 800 سے زائد شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024