• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیرستان: دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی جوان شہید

شائع October 11, 2020
جنوبی وزیرستان سے متصل علاقے منرا میندارا میں موجود چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا—فائل فوٹو: اے پی
جنوبی وزیرستان سے متصل علاقے منرا میندارا میں موجود چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا—فائل فوٹو: اے پی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان سے متصل علاقے منرا میندارا میں موجود چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندوں نے صبح صادق کے وقت ایک چوکی پر راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں 2 فوجی شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 2 جوان شہید

شہید ہونے والے فوجی اہلکاروں کی شناخت سپاہی شکیل اور سپاہی اکمل کے نام سے ہوئی، زخمی فوجیوں کو علاقے کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

قبل ازیں 27 ستمبر کو پیٹرولنگ کے دوران دہشت گردوں اور پیٹرولنگ پارٹی کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ کیپٹن عبداللہ ظفر نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے شکائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں رات کے اوقات میں پیٹرولنگ کا آغاز کیا تھا۔

اس کے علاوہ 20 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے اسپیل جا گاؤں کے قریب خفیہ اطلاع پر کیے جانے والے آپریشن کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

13 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی سرحد کے قریب کارروائی کے دوران دہشت گرد کمانڈر احسان اللہ سنڑے اور دیگر 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

12 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا 33 سالہ سپاہی ساجد شہید ہوگیا تھا۔

7 ستمبر کو شمالی وزیر ستان کے علاقہ میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ آپریشن میں مطلوب دہشت گرد وسیم زکریا سمیت 5 دہشت گرد ہلاک اور 10 کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

4 ستمبر کو شمالی وزیرستان میں شگانشپا روڈ پر گھیریوم سیکٹر میں سڑک کی مرمت کرنے والی ٹیم کی حفاظت پر مامور پاک فوج کے دستے کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا۔

دھماکے میں 23 سالہ لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد، 33 سالہ نائیک محمد عمران اور 30 سالہ سپاہی عثمان اختر نے جام شہادت نوش کیا۔

قبل ازیں 31 اگست کو جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی, جس کے نتیجے صوبیدار ندیم، سپاہی سلیم اور لانس نائیک مصور شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 4 جوان زخمی بھی ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024