• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اسٹاک بڑھنے کی وجہ سے ریفائنریز بند ہونے کا خدشہ

شائع October 10, 2020
ریفائنریز نے خبردار کیا ہے کہ اگر او ایم سیز نے اسٹاک اٹھانا شروع نہ کیا تو انہیں ریفائنریز بند کرنی پڑجائیں گی۔ فوٹو:پیٹرولیم ڈویژن
ریفائنریز نے خبردار کیا ہے کہ اگر او ایم سیز نے اسٹاک اٹھانا شروع نہ کیا تو انہیں ریفائنریز بند کرنی پڑجائیں گی۔ فوٹو:پیٹرولیم ڈویژن

اسلام آباد: ملک بھر میں تیل کی شدید قلت کے چند مہینوں بعد ہی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے مصنوعات کم اٹھانے کی وجہ سے آئل ریفائنریز اپنی صلاحیت کے استعمال اور آئل فیلڈز سے خام پیداوار میں کمی کر رہی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ماہانہ سے سہ ماہی بنیاد پر تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد او ایم سی نے پٹرولیم مصنوعات کو اٹھانا کم کردیا ہے جبکہ اسمگل شدہ مصنوعات کی بھی بڑی مقدار مارکیٹ میں داخل ہوگئی ہے۔

ریفائنریز حکومت کو خبردار کر رہی ہیں کہ صورتحال ایسی ہی رہی تو وہ بند ہوجائیں گی جس کے نتیجے میں بعد ازاں مصنوعات کی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اسٹاک سے گریزاں، ریفائنریز بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئیں

انہوں نے کہا کہ ایرانی تیل مصنوعات کی اسمگلنگ کورونا وائرس سے سرحد کی بندش کی وجہ سے قابو میں آچکی تھی تاہم سرحدی آپریشنز معمول پر آنے کے بعد یہ اپنی پوری تیزی سے دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔

ایرانی مصنوعات کراچی کے قریبی علاقوں تک فروخت ہورہی ہے اور چند مارکیٹ ذرائع بشمول چند ڈیلرز اور آئل کمپنیاں بھی اس غیر قانونی درآمدات سے فائدہ اٹھارہی ہیں۔

عہدیدار نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن نے او ایم سیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریفائنریز سے مصنوعات خریدنا بڑھا دیں تاہم وہ اس پر بمشکل کوئی دباؤ ڈال سکیں گے کیونکہ وہ اپنے وعدے کو پورا نہیں کر رہے جس کی وجہ سے ریفائنریز میں اسٹوریج بھرچکی ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن نے آئل کمپنیوں کی ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کو لکھا کہ 'ان خدشات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ ہدایتوں کے باوجود ریفائنریز سے پٹرولیم مصنوعات اٹھانے میں بہتری نہیں لائی جا رہی جس کی وجہ سے آئل ریفائنریز کے آپریشنز پر سمجھوتہ کیا جارہا ہے'۔

پیٹرولیم ڈویژن نے او سی اے سی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ممبران (او ایم سیز) پر اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے دباؤ ڈالے۔

انہوں نے کہا کہ ریفائنریز، کھوج اور پیداوار کے شعبوں کے آپریشنز بحال رکھنے کے لیے تمام او ایم سیز کو ایک بار پھر سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے وعدے اور متفقہ مقدار کے مطابق مقامی ریفائنریز سے تیار شدہ مصنوعات اٹھانا فوری طور پر شروع کریں۔

یہ بھی پڑھیں: آئل ریفائنریز، کمپنیوں کو ایندھن کی فراہمی میں اضافے کی ہدایت

علاوہ ازیں ریفائنریز بشمول ملک کے شمال میں کام کرنے والی اٹک ریفائنری (اے آر ایل) اور وسط کی پاک عرب ریفائنری (پارکو) اپنی پوری صلاحیت سے کام کر رہی ہے جبکہ جنوب میں بائیکو ریفائنری کافی عرصے سے بند رہنے کے بعد آہستہ آہستہ پیداوار کی جانب واپسی پر ہے۔

تاہم اطلاعات کے مطابق اس کی بندش کے دوران مصنوعات کے خلا کو اسمگل شدہ خام تیل کے ذریعہ پُر کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اے آر ایل ستمبر کے تیسرے ہفتے سے ہی پیٹرولیم ڈویژن کو انتباہ دے رہا تھا کہ اس کے اسٹوریج پر ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کا اسٹاک بھر چکا ہے۔

اس ہفتے ایک بار پھر اس نے بگڑتی ہوئی صورتحال کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ متعدد درخواستوں کے باوجود اے آر ایل سے ایچ ایس ڈی کی مصنوعات کو کم اٹھانا جاری ہے۔

اے آر ایل کے چیف ایگزیکٹو عادل خٹک نے پیٹرولیم ڈویژن کو خط لکھا کہ 'اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار کو جمع کرنے کے لیے ہمارے پاس صرف دو روز کی اسٹوریج میں جگہ باقی ہے، اس کی وجہ سے ہم 5 ہزار بیرلز یومیہ کے ایک خام ڈسٹیلیشن یونٹ کو بند کرتے ہوئے اپنی ریفائنری کی پیداوار کم کر رہے ہیں'۔

دوسری جانب ملک میں پیٹرول کا مجموعی اسٹاک کم از کم 21 دن کے لازمی اسٹاک کے مقابلے میں طلب کے صرف 15 روز کے برابر ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کا اسٹاک 29 دن کے برابر بتایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024