• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن کو پہلی شکست، سندھ بھی ناکامی سے دوچار

شائع October 9, 2020 اپ ڈیٹ October 10, 2020
بابراعظم نے 86 اور فہیم اشرف نے 52 رنز بنائے—فوٹو:بشکریہ پی سی بی
بابراعظم نے 86 اور فہیم اشرف نے 52 رنز بنائے—فوٹو:بشکریہ پی سی بی
سندھ کے خرم منظور نے 108 اور اسد شفیق نے 59 رنز کی شان دار اننگز کھیلی—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
سندھ کے خرم منظور نے 108 اور اسد شفیق نے 59 رنز کی شان دار اننگز کھیلی—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہنے والی ناردرن پاکستان کو سینٹرل پنجاب نے 8 وکٹوں جبکہ سدرن پنجاب نے سندھ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدائی بلے باز ناکام ہوئے اور دونوں اوپنرز بالترتیب صفر اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے ناردرن پاکستان کی ٹیم فیورٹ

فہیم اشرف کا پہلا شکار سہیل اختر بنے اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ذیشان ملک اور روحیل نذیر بھی آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان اور آصف علی نے پانچویں وکٹ میں بہترین شراکت قائم کی اور اسکور کو 139 رنز تک پہنچایا۔

آصف علی سب سے زیادہ 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان کی اننگز 39 رنز پر مشتمل تھی جبکہ ٹیم میں واپس آنے والے کپتان عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے اور حماد اعظم 7 رنز بنا سکے۔

ناردرن پاکستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔

فہیم اشرف نے شان دار باؤلنگ کی اور سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کی، احسان عادل اور عثمان قادر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے مرحلے میں صرف ایک میچ جیت پائی تھی تاہم قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی واپسی پر مضبوط دکھائی دی اور پہلی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

بابراعظم کے ساتھ اچھی شراکت کے بعد کامران اکمل 21 رنز کی اننگز کھیل آؤٹ ہوئے جس کے بعد ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بلے باز عبداللہ شفیق بھی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان اور فہیم اشرف نے تیسری وکٹ پر 167 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور دوسری کامیابی سمیٹ لی۔

بابراعظم نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 52 رنز بنائے اور دونوں بلے باز ناقابل شکست رہے۔

فہیم اشرف کو شان دار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سدرن پنجاب نے سندھ کو ہرا دیا

راولپنڈی میں دوسرا میچ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا اور دونوں جانب سے شان دار بیٹنگ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبرپختونخوا، ناردرن پاکستان کی مسلسل فتوحات

ذیشان مسعود نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کے لیے مہنگا فیصلہ ثابت ہوا۔

خرم منظور اور شرجیل خان نے 47 رنز کا آغاز کیا جس کے بعد دوسری وکٹ پر اسد شفیق اور خرم منظور نے طویل شراکت کی۔

شرجیل خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے لیکن خرم منظور اور اسد شفیق نے شراکت میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

اسد شفیق نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 17ویں اوور میں 170 تک پہنچایا۔

سندھ کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جنہوں نے 58 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

خرم منظور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دوسری سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔

سندھ نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 216 رنز بنائے۔

سدرن پنجاب کے محمد الیاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے دونوں اوپنرز 19 رنز پر آؤٹ ہوئے جس میں شان مسعود کے 12 اور ذیشان اشرف کے 4 رنز شامل تھے۔

مزید پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبر پختونخوا کے ہاتھوں سندھ کو شکست، بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا

عمر صدیق نے 13 رنز بنائے اور صہیب مقصود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سدرن پنجاب کا اسکور 43 رنز تھا۔

مشکل میں گھری ہوئی سدرن پنجاب کی ٹیم کو خوشدل شاہ اور حسین طلعت نے سہارا دیا اور خوشدل نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے محض 36 گیندوں پر 8 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور ایک وقت میں ہاتھ سے نکلنے والے میچ میں ٹیم کو فتح کے قریب کردیا۔

وہ 170 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عامر یامین بھی 184 کے مجموی اسکور پر پویلین سدھار گئے۔

تاہم دوسرے اینڈ پر حسین طلعت کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا جنہوں نے 36 گیندوں پر 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور فتح سے 10 رنز قبل آؤٹ ہوئے۔

سدرن پنجاب نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر 8 وکٹیں گنوانے کے بعد ہدف حاصل کر لیا اور میچ میں وکٹوں سے کامیابی سمیٹی۔

سندھ کے انور علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، میر حمزہ 2 شکار کرنے میں کامیاب رہے جبکہ سہیل خان اور حسان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024