نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے ناردرن پاکستان کی ٹیم فیورٹ
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا مرحلہ 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جس کے لیے دفاعی چمپیئن ناردرن پاکستان کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دفاعی چمپیئن ناردرن پاکستان واحد ٹیم ہوگی جس کو دوسرے مرحلے میں شکست دینے کا چیلنج ہوگا جو پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے اور اب تک مسلسل 11 میچوں میں فاتح رہی ہے۔
ناردرن پاکستان کی ٹیم نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اب تک مسلسل 10 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس سے قبل ایم سی سی کی ٹیم نے رواں برس کے اوائل میں لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسے شکست دی تھی۔
مزید پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبرپختونخوا، ناردرن پاکستان کی مسلسل فتوحات
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے مرحلے میں ملتان میں تمام ٹیموں نے 5 میچز کھیلے اور ٹیموں نے مجموعی طور پر 8 مرتبہ 200 یا 200 سے زائد کا مجموعہ ترتیب دیا۔
ملتان میں صرف بلے بازوں کو ہی نہیں بلکہ باؤلرز کو بھی بھرپور موقع ملا اور شاہین شاہ آفریدی نے دو مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔
پہلے مرحلے میں بلے بازوں نے 481 چوکے اور 180 چھکے مارے اور دوسرے مرحلے کے لیے تمام ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر ناردرن پاکستان کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر خیبر پختونخوا 8 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے جبکہ 6 پوائنٹس بلوچستان کے ہیں اور تینوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل تک جانے کے امکانات روشن ہیں۔
راولپنڈی میں دوسرے مرحلے کا پہلا میچ ناردرن اور سینٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا اور سینٹرل پنجاب کی قیادت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کریں گے۔
دوسرا میچ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے بیٹنگ میں سینٹرل پنجاب کے عبداللہ شفیق اور باؤلنگ میں خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی سرفہرست ہیں۔
ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی سینٹرل پنجاب کے 20 سالہ بلے باز نے 5 میچوں میں 236 رنز بنائے ہیں اور اس میں ایک ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بھی شامل ہے۔
عبداللہ شفیق فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی طرز میں اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں سنچری بنا کر ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبر پختونخوا کے ہاتھوں سندھ کو شکست، بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا
خیبرپختونخوا کے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 207 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، بلوچستان کے امام الحق 192 رنز اور کپتان حارث سہیل 181 رنز بنا کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
پہلے مرحلے میں عبداللہ شفیق کی سنچری کے علاوہ بلوچستان کے امام الحق نے 94، سندھ کے شرجیل خان اور حیدر علی نے 90،90 رنز کی انفرادی اننگز کھیلیں۔
باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی سرفہرست ہیں جو انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی چمپیئن شپ کے ایک میچ میں بھی 6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دو مرتبہ 5 وکٹیں لے چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 4 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں، ناردرن پاکستان کے تین باؤلرز حارث رؤف، شاداب خان اور موسیٰ خان بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔