• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی وجہ سے 'جراسک ورلڈ' کی شوٹنگ روک دی گئی

شائع October 8, 2020
جراسک ورلڈ: ڈومینین کو 2021 کے بجائے جون 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے— فوٹو: ٹوئٹر
جراسک ورلڈ: ڈومینین کو 2021 کے بجائے جون 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے— فوٹو: ٹوئٹر

فلم 'جراسک ورلڈ: ڈومینین' کی ریلیز ایک سال تک مؤخر کرنے کے بعد اب کولن ٹریورو نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز کی وجہ سے شوٹنگ 2 ہفتوں کے لیے روک دی گئی۔

2 روز قبل ڈائناسور فرنچائز کی سائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ‘ کی چھٹی فلم کی ریلیز ایک سال تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے جون 2022 تک ریلیز کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر جراسک ورلڈ: ڈومینین کو 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا۔

برطانوی خبررساں ادرے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر کولن ٹریورو نے ٹوئٹ میں بتایا کہ یونیورسل پکچرز کی فلم 'جراسک ورلڈ: ڈومینین' کی پروڈکشن سیٹ پر چند لوگوں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 2 ہفتوں کے لیے معطل کردی گئی۔

مزید پڑھیں: وبا کے باعث ’جراسک ورلڈ: ڈومینین’ کی ریلیز بھی 2022 تک ملتوی

انہوں نے کہا کہ بعدازاں ان تمام افراد کا ٹیسٹ منفی آیا لیکن ہمارے حفاظتی قواعد کے باعث ہم شوٹنگ میں 2 ہفتے کا وقفہ دے رہے ہیں۔

جراسک ورلڈ: ڈومینین کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں ہوئی—  فوٹو: بشکریہ یونیورسل پکچرز
جراسک ورلڈ: ڈومینین کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں ہوئی— فوٹو: بشکریہ یونیورسل پکچرز

تاہم کولن ٹریورو نے یہ نہیں بتایا کہ کس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

ڈائنوسار کی اس نئی فلم کی شوٹنگ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کے ساتھ جولائی کے مہینے میں برطانیہ میں دوبارہ شروع ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ مارچ میں عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں فلم اور ٹی وی سیٹس بند ہونے کی وجہ سے مارچ کے وسط میں فلم کی شوٹنگ روک دی گئی تھی۔

اسٹوڈیو نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کافی اقدامات کیے تھے جن میں ٹیسٹنگ، درجہ حرارت چیک ہونا اور کاسٹ اور عملے کو ریزورٹ ہوٹل میں آئسولیٹ کرنا شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دوسری بڑی ہولی وڈ فلم کی شوٹنگ معطل ہوئی ہے۔

ستمبر کے اوائل میں وارنر برادرز کی فلم 'دی بیٹ مین' کورونا وائرس کے کیس کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے معطل کی گئی تھی اور رپورٹ کیا جارہا تھا کہ مرکزی اداکار روبرٹ پیٹسن وائرس کا شکار ہوئے۔

'جراسک ورلڈ: ڈومینین' کی شوٹنگ ابھی تک مکمل نہیں ہوئی، ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کی شوٹنگ مکمل ہونے میں 3 ہفتے باقی ہیں۔

یہ فلم فرنچائز کے 27 سال کے عرصے میں چھٹی فلم ہے جس کی کاسٹ میں ایک مرتبہ پھر کرس پراٹ، بریس ڈلاس ہوورڈ شامل ہیں۔

دیگر اداکاروں میں لورا ڈرن، سیم نیل اور جیف گولڈبلم شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’جراسک ورلڈ‘ کے بے قابو ڈائنا سورز کی دنیا بھر میں تباہی

خیال رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم ’جراسک پارک‘ کے نام سے 1993 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد اس کی دوسری فلم ’دی لاسٹ ورلڈ: جراسک پارک‘ 1997 میں ریلیز کی گئی۔

پہلی دو فلموں کی شاندار کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’جراسک پارک تھری‘ کے نام سے سال 2001 میں ریلیز کی گئی، اس سیریز کی چوتھی فلم ’جراسک ورلڈ‘ 2015 میں ریلیز کی گئی۔

3 سال کے وقفے کے بعد اس سیریز کی پانچویں فلم جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا جبکہ اب چھٹی فلم ایک سال کی تاخیر سے ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے دیگر فلموں کی ریلیز بھی التوا کا شکار ہوئی ہے جن میں ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘، ’دی بیٹ مین’ اور ’میٹرکس 4’ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024