• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تمام اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے، مولانا فضل الرحمٰن

شائع October 7, 2020 اپ ڈیٹ October 8, 2020
انہوں نے کہا کہ اس سے پوری قوم بیدار ہوگا، مظاہروں میں آئے گی—فوٹو: ڈان نیوز
انہوں نے کہا کہ اس سے پوری قوم بیدار ہوگا، مظاہروں میں آئے گی—فوٹو: ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام اپوزیشن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھی ہے۔

لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے وفد کی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے صدر نے کہا کہ حکومت دو سال کی کارکردگی پر نااہل اور نالائق ثابت ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت مخالف پی ڈی ایم کا جلسہ کوئٹہ سے کراچی منتقل

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے حالات کا صحیح ادراک کرکے اتحاد قائم کیا ہے، اس حوالے سے مشاورت بھی ہوئی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری ہوا، اس کے مندرجات کے حوالے سے کچھ چیزوں کی مزید وضاحت کی ضرورت ہے اور یہ ذمہ داری مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو تفویض کی گئی ہے۔

—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے کہا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں بھرپور طور پر عوام شریک ہوگی۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ عوام کی شرکت سے تاریخ ساز تحریک کا آغاز اسی جلسے سے کردیا جائے گا اور اس کے بعد 18 اکتوبر کو کراچی میں مظاہرہ ہوگا، اس کے لیے آج مختلف پارٹیاں بیٹھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پوری قوم بیدار ہوگی اور مظاہروں میں شدت آئے گی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ان ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا جس کی کوریج میڈیا پر نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں اس طرح کی آواز و فریاد دنیا کے کانوں تک ہر حال میں پہنچ جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے سے قبل بلاول بھٹو سے اختر مینگل کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کے ہر حربے سے بے نیاز ہو کر میدان میں نکلے ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ تمام ریاستی ادارے انتہائی بدنظمی کا شکار ہیں ایسے حالات میں ہم عوام کی امید کی کرن بننا چاہتے ہیں۔

پاکستان کی معیشت کا دیوالیہ نکلتا ہے تب بھارت خوش ہوتا ہے، مریم نواز

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مولانا فضل الرحمٰن کی آمد پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آئین کے دفاع کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سرکاری ملازمین اسلام آباد کے ریڈ زون میں سراپا احتجاج تھے اور میڈیا نے کوریج نہیں دی لیکن پی ڈی ایم ملازمین، مہنگائی، عوام اور لاقونیت کا مقدمہ بھی لڑے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں جو آئینی حقوق معطل ہیں، میڈیا اور عدلیہ پر دباؤ ہے پی ڈی ایم اس کا مقدمہ بھی لڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس وقت خوش ہوتا ہے جب پاکستان میں آئین کی بالادستی نہیں رہتی، کشمیر ٹرے میں رکھ پر پیش کیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کا مقدمہ قائم ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کا گلگت بلتستان کے انتخابات پر بات چیت میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا دیوالیہ نکلتا ہے بھارت اس وقت خوش ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گوجرانوالہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں مولانا فضل الرحمٰن تشریف لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کی پوری کی پوری انتظامیہ کو تبدیل کردیا گیا، شاید وہ انتظامیہ ایک حد سے آگے جانے کو تیار نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کی دعوت دوں گی۔

بعد ازاں ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں تحریک کام کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آئین کی عمل داری اور جائز حکومت پاکستان کے عوام کو دینا چاہتے ہیں۔

مزیدپڑھیں: اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تشکیل، وزیر اعظم سے استعفے کا مطالبہ

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہماری طرف سے فوج کے ساتھ، اس کی قیادت کے ساتھ کسی قسم کا جھگڑا اور تنازع نہیں ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا ووٹ دیا تھا مطلب مسلم لیگ (ن) کے قائد اور اس کی قیادت کا فوج سے کوئی تنازع نہیں ہے اور اگر مشکل ہے تو ان کی طرف سے ہماری طرف سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی ایک خاص مقام پر پہنچ کر ہوتی ہے جبکہ ہم اس سے پہلے ہی ان کو انجام تک پہنچا دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کہیں نہیں گئے وہ علاج کروا کر واپس آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024