آمنہ الیاس رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کرنے والی اداکاراؤں پر برہم
ایک طویل عرصےسے پاکستان اور بھارت میں گوری رنگت کا مسئلہ پایا جاتا ہے اور اسی سلسلے میں رنگ گورا کرنے کی مختلف کریمز اور ان کے اشتہار بھی کافی کامیاب ہوتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں گوری رنگت اور خاص طور پر لڑکیوں کی رنگت کو ان کی کامیابی، اچھی شخصیت، شادی اور اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
اسی لیے برصغیر پاک و ہند میں کئی دہائیوں سے رنگ گورا کرنے والی کریمز کا کاروبار جاری ہے اور ایسی کریمز بنانے والی کمپنیاں تشہیری مہم پر بھی کروڑوں روپے خرچ کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں: سجل علی کو ’نکھری رنگت‘ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا
گوری رنگت کرنے والی کریمز کی کمپنیاں کوشش کرتی ہیں کہ وہ تشہیری مہم کے لیے معروف شخصیات کی خدمات حاصل کریں، اس لیے ایسی کریمز کے اشتہارات میں زیادہ تر شوبز شخصیات دکھائی دیتی ہیں۔
تاہم پاکستان کی کچھ معروف اداکارائیں ایسی بھی ہیں جنہوں نے بھاری معاوضے کی پیشکش کے باوجود ایسے اشتہارات میں کام سے منع کیا تھا جن میں عائشہ عمر، ماہرہ خان، صنم سعید، حریم فاروق اور گلوکارہ مومنہ مستحسن سمیت دیگر اداکارائیں بھی شامل ہیں۔
اب اداکارہ آمنہ الیاس نے گوری رنگ سے متعلق اشتہارات میں کام کرنے والی اداکاراؤں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں آمنہ الیاس نے کہا کہ انڈسٹری میں موجود میری ساتھی اداکارائیں پیسے کی خاطر رنگ گورا کرنے والی کریمز کی تشہیر کررہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گوری رنگت کے اشتہارات مسترد کرنے والی پاکستانی اداکارائیں
آمنہ الیاس نے لکھا کہ بطور عوامی شخصیت ہماری جانب سے کسی چیز کے اثرات مرتب ہونے کا مطلب ہے کہ ہم دوسروں کو خوبصورتی کا احساس کروائیں نہ کہ انہیں خود کو کم خوبصورت محسوس کروائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جو اب بھی اس قسم کی سوچ کی تائید کرتے ہیں۔
تاہم آمنہ الیاس نے ان اداکاراؤں کے نام نہیں لیے جن پر انہوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی رنگت کے فرق کے خاتمے سے متعلق ہیش ٹیگ endcolourism# بھی استعمال کیا۔
چند روز قبل بھی اداکارہ نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خود اعتمادی پر مبنی ایک پیغام شیئر کیا تھا جس میں ان کا مطلب تھا کہ ان کی رنگت کبھی ان کے عزائم سے پیچھے ہٹنے کی وجہ نہیں ہوگی۔
آمنہ الیاس نے لکھا تھا کہ ‘میری گہری رنگت میرے پیچھے ہونے کی وجہ نہیں ہوگی، کولونائزیشن یا مائیکرایگریشنز کے طوق سے مجھے فرق نہیں پڑتا، میں اپنے مقاصد طے کروں گی اور انہیں حاصل کروں گی۔
تبصرے (1) بند ہیں