• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’ریپ‘ واقعے میں نام لینے پر ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر مقدمہ کردیا

شائع October 7, 2020
ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر ایک کروڑ 10 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا—فائل فوٹو: قانونیت
ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر ایک کروڑ 10 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا—فائل فوٹو: قانونیت

بولی وڈ کی ’بھولی‘ میڈم ریچا چڈھا نے اداکارہ پائل گھوش پر ’ریپ‘ واقعے میں نام لینے پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔

بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر ممبئی ہائی کورٹ میں ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا، جس پر جلد سماعت کا امکان ہے۔

ریچا چڈھا نے پائل گھوش پر ’ریپ‘ واقعے کو بیان کرنے میں اپنا نام لینے پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

اسی حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ ریچا چڈھا کی جانب سے دائر کیے گئے ہرجانے کے مقدمے میں پائل گھوش سمیت ایک نیوز چینل اور نام نہاد فلمی ناقد آر کمال کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ریچا چڈھا نے اپنی درخواست میں کہا کہ پائل گھوش نے ستمبر میں ایک نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ’ریپ‘ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا نام لیا، جس سے ان کی کردار کشی ہوئی۔

اداکارہ کے مطابق پائل گھوش نے انٹرویو کے دوران ان کا نام تیسرے فریق کے طور پر لیا اور بتایا کہ انہیں ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے فلم ساز نے بتایا کہ ان کے ایک فون کال پر ریچا چڈھا سمیت دیگر اداکارائیں تیار رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ریپ' الزامات کی تفتیش کے لیے انوراگ کشیپ تھانے طلب

ریچا چڈھا کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ جلد ہی ابتدائی سماعت کرے گی۔

اداکارہ نے نیوز چینل اور ایک فلم ناقد کے خلاف بھی ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے نیوز چینل اور ایک فلم ناقد کے خلاف بھی ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 20 ستمبر کو پائل گھوش نے ایک بھارتی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ریچا چڈھا، ہما قریشی اور ماہی گل کے نام لیے تھے۔

پائل گھوش نے مذکورہ انٹرویو میں فلم ساز انوراگ کشیپ کی جانب سے خود کو ریپ کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح فلم ساز نے انہیں 6 سال قبل 2014 میں استحصال کا نشانہ بنایا۔

پائل گھوش کے مطابق انوراگ کشیپ انہیں اپنے گھر کے ایک کمرے میں لے گئے، جہاں داخل ہوتے ہی فلم ساز نے اپنے کپڑے اتار کر ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔

پائل گھوش نے انوراگ کشیپ پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے کا واقعہ بیان کرنے دوران ریچا کا نام لیا تھا—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
پائل گھوش نے انوراگ کشیپ پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگانے کا واقعہ بیان کرنے دوران ریچا کا نام لیا تھا—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ کو کہا کہ آج وہ اس کام کے لیے تیار نہیں ہیں تاہم فلم ساز نے ان کی بات نہ مانی اور وہ ان کے قریب سے قریب تر آگئے، لیکن انہوں نے مسلسل احتجاج کیا کہ وہ کسی بھی کام کے لیے تیار نہیں ہیں۔

پائل گھوش کے مطابق ان کی مسلسل منتوں کے بعد انوراگ کشیپ مان گئے تاہم ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ کو وارننگ دی کہ دوسری مرتبہ وہ ذہنی طور پر تیار ہوکر آئیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے انوراگ کشیپ سے دوسری بار تیار ہونے کا وعدہ کرکے اجازت لی اور پھر کبھی ان کے پاس نہیں گئیں اور نہ ہی ان کے موبائل پیغامات کا جواب دیا۔

مزید پڑھیں: ’ریپ‘ کیس میں 8 گھنٹے تک تفتیش، انوراگ کشیپ نے تمام الزامات مسترد کردیے

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے پاس انوراگ کشیپ کے خلاف کوئی بھی ثبوت نہیں ہے تاہم فلم ساز نے ان کا استحصال کیا تھا۔

پائل گھوش نے دعویٰ کیا تھا کہ انوراگ کشیپ نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کے دوران بتایا تھا کہ ریچا چڈھا، ہما قریشی اور ماہی گل جیسی اداکارائیں ایک فون کال پر تیار بیٹھیں رہتی ہیں۔

اگرچہ ابتدائی طور پر پائل گھوش نے انوراگ کشیپ پر ریپ کرنے کا الزام نہیں لگایا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے فلم ساز کے خلاف ریپ کا مقدمہ دائر کروادیا، جس کی ممبئی پولیس تحقیق کر رہی ہے۔

مذکورہ کیس میں انوراگ کشیپ نے ممبئی پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کروادیا ہے جب کہ انہوں نے پولیس کو ایسے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ واقعے والے دن وہ ملک میں موجود ہی نہیں تھے بلکہ وہ شوٹنگ کے سلسلے میں سری لنکا میں موجود تھے۔

فلم فقرے میں بھولی پنجابن کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے ریچا کو بھولی میڈم بھی کہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
فلم فقرے میں بھولی پنجابن کا کردار ادا کرنے کی وجہ سے ریچا کو بھولی میڈم بھی کہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024