• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسلم لیگ (ش) بن کر رہے گی اور میری دی گئی تاریخ پر بنے گی، شیخ رشید

شائع October 6, 2020
اپوزیشن اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز
اپوزیشن اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا، شیخ رشید — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ش) بن کر رہے گی اور میری دی گئی تاریخ پر بنے گی۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن باہر نکلے گی تو شکست ہوگی جبکہ مجھے ڈر ہے کہ اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا نہ پھیل جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مجھے ذمہ داری دی ہے، میں ان کی اینٹ کا جواب پتھر سے دوں گا اور جب یہ جلسہ کریں گے اس کے اگلے روز میں جواب دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سمجھدار انسان ہیں، وہ اپنی حفاظت کے لیے جیل گئے ہیں، مسلم لیگ (ش) بن کر رہے گی اور میری دی گئی تاریخ پر بنے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے مگر این آر او کبھی نہیں دیں گے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد زیادہ دیر نہیں چلے گا، پیپلز پارٹی کسی صورت زیادہ دیر اپوزیشن کے ساتھ نہیں چلے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر پر مقدمے میں وزیر اعظم عمران خان کا کوئی قصور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز جب تک میرے بارے میں کچھ نہیں کہتیں، میں ان کا احترام کروں گا۔

نواز شریف سے متعلق انہوں نے کہا کہ انہیں وطن واپس لانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے تمام منصوبے مکمل ہوں گے اور ایک لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا، اسی ماہ ایم ایل ون چل جائے گی اور نالہ لئی کا منصوبہ بھی شروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ شیخ رشید احمد گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلم لیگ (ن) سے (ش) کے الگ ہونے کے بیانات دے رہے ہیں، لیکن (ش) کے حوالے سے انہوں نے وضاحت نہیں کی ہے۔

ان کی جانب سے تقریباً روز ہی اپوزیشن مخالف بیانات سامنے آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'اے پی سی ہوئی تو 30 دسمبر سے قبل ن لیگ سے ش لیگ الگ ہوجائے گی'

گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلی توڑ دیں گے مگر اپوزیشن کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’جلسے اور ریلیاں فضل الرحمٰن نے نکالنی ہیں، ان کے ساتھ کوئی نہیں، لاہور کے جلسے کے بعد ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تینوں پارٹیاں انتخابات میں دوبارہ ایک دوسرے کی حریف بن جائیں گی‘۔

انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) میں سے ’ش‘ کے نکلنے کے اپنے دعوے کو دوہرایا اور کہا کہ یہ کام فروری تک ہوجائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024