پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ مریض شفایاب، پنجاب میں کیسز ایک لاکھ سے زائد
پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم گزشتہ چند روز سے یہاں کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی موسم سرما میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 61 ہے تاہم خوش قسمتی سے ان میں سے 3 لاکھ 616 صحتیاب ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ اس عالمی وبا سے ملک میں انتقال کرجانے والوں کی تعداد 6 ہزار 532 ہے۔
آج 6 اکتوبر کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 484 کیسز اور 12 اموات کا اضافہ ہوا جس میں 21 کیسز بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کو 7 ماہ سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس عرصے کے دوران اس وبا کے باعث ملک کو مختلف مراحل سے گزرنا پڑا ہے۔
26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی جس کے بعد دیگر شعبوں کو لاک ڈاؤن کی وجہ سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک میں ابتدائی مہینے میں کورونا کیسز کی تعداد کم تھی تاہم اپریل سے ان میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔
جس کے بعد مئی میں مزید کیسز اور اموات بڑھیں تاہم جون کے مہینے میں صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہوگئی۔
جون کے مہینے میں یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں، جس کے بعد ہسپتالوں میں دباؤ بھی بڑھنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
تاہم بعد ازاں جولائی اور پھر اگست میں صورتحال بہتر ہوئی اور پھر پابندیوں کا شکار شعبوں کو کھول دیا گیا تاہم تعلیمی اداروں کو مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ستمبر کے مہینےمیں صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو 15 تاریخ سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ ہوا اور پھر اسکولز، کالجز اور جامعات میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی۔
تاہم ستمبر کے اواخر سے پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کچھ اضافہ رپورٹ ہونا شروع ہوا جس کے بعد کچھ مقامات خاص طور پر کراچی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
آج 6 اکتوبر کو ملک میں کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 298 نئے کیسز اور 8 اموات کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 891 جبکہ اموات 2531 ہوگئی ہیں۔
پنجاب
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 92 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 مریض انتقال کر گئے۔
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 92 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو ایک لاکھ 33 تک پہنچا دیا۔
مزید 3 مریضوں کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 243 ہوگئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 56 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 845 ہوگئے ہیں۔
علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے مجموعی اموات کی تعداد 184 تک جاپہنچی۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 36 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 38 ہزار 141 ہوگئی۔
صوبے میں وائرس سے مزید ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1263 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 5 افراد وائرس کا شکار بنے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 5 نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 857 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 12 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔
کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 12 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 874 ہوگئی ہے۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 780 افراد شفایاب ہوئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 780 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 616 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 316061
اموات: 6532
صحتیاب: 300616
فعال کیسز: 8913
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 891 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 33 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 141 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 420 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 845، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 857 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 874 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2531
پنجاب: 2243
خیبرپختونخوا: 1263
بلوچستان: 146
اسلام آباد: 184
گلگت بلتستان: 89
آزاد کشمیر: 76