• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جب ٹام کروز کے ٹرین کے سفر کے انداز نے لوگوں کو ڈرا دیا

شائع October 6, 2020
ٹام کروز  — اے ایف پی فوٹو
ٹام کروز — اے ایف پی فوٹو

ہولی وڈ اسٹار ٹام کروز اپنے خطرناک اسٹنٹس کے باعث جانے جاتے ہیں، مگر کئی بار لوگ وہ دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ ناروے میں ہوا، جہاں ایک سڑک پر لوگ اس وقت دنگ رہ گئے جب انہوں نے ٹام کروز کو تیز رفتار ٹرین کی چھت پر بیٹھے دیکھا، جہاں وہ ان کو دیکھ کر ہاتھ ہلا رہے تھے۔

ایسا مشن امپوسبل 7 کی شوٹنگ کے دوران ہوا اور اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں۔

ایک ٹک ٹاک صارف تھامس ہوگ لینڈ نے ویڈیو کو پوسٹ کیا جس میں ٹام کروز تیز رفتار ٹرین کی چھت پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

ایک موقع پر 58 سالہ ٹام کروز نے ٹرین کے اوپر سے مداحوں کی جانب ہاتھ ہلایا اور دیکھنے والے حیرت سے چیخنے لگے۔

مشن امپوسبل 7 کی شوٹنگ رواں سال فروری میں کورونا وائرس کے باعث روک دی گئی تھی اور ستمبر میں پروڈکشن کو دوبارہ آغاز ہوا۔

تاہم اب یہ فلم جولائی 2021 کی بجائے نومبر 2021 میں ریلیز ہوگی۔

ٹام کروز اس سے قبل دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلیفہ پر حیران کن اسٹنٹ کرچکے ہیں جبکہ ایک اے 400 فوجی طیارے پر بھی اسٹنٹ کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

ایک انسٹاگرام صارف نے اس ٹرین اسٹنٹ کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا 'کئی بار آپ درست وقت پر درست مقام پر ہوتے ہیں'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

فلم کے ڈائریکٹر کرسٹوفر میک کیری نے انسٹاگرام پر ٹرین کے سین کی تصویر شیئر کی، جس میں ٹرین پر لڑائی کا منظر دیکھا جاسکتا ہے جبکہ پس منظر میں ایک ہیلی کاپٹر اڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناروے کی خوبصورتی ناقابل تردید ہے اور ہماری فلم میں یاد دلاتی ہے کہ کچھ بھی ممکن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں فلم کی شوٹنگ روم میں ہوگی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ستمبر میں اس فلم کا ایک اور اسٹنٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں ایک شخص (ممکنہ طور پر ٹام کروز) کو دکھایا گیا ہے جو پہاڑی چوٹیوں پر بنے ایک بڑے ریمپ پر کھڑا ہے۔

اسٹنٹ میں دکھایا گیا کہ ایک شخص موٹرسائیکل کو ریمپ پر دوڑاتے ہوئے پہاڑی سے نیچے چھلانگ لگادیتا ہے اور پیراشوٹ کھول کر نیچے اتر جاتا ہے۔

درحقیقت یہ حقیقی مشن امپوسبل انداز ہے اور مصدقہ طور پر کہنا تو کچھ نہیں کہا جاسکتا مگر ٹام کروز اس طرح کے اسٹنٹس کرنے سے گھبراتے نہیں۔

مشن امپوسبل 7 کے پلاٹ کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ علم نہیں مگر ایسا کہا جارہا ہے کہ اس میں گزشتہ حصے کی کہانی آگے بڑھائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اگست میں یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ مشن امپوسبل کے ایک سین کو شوٹ کرنے کے دوران ناکامی پر فلم ساز کو 44 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ حال ہی میں برطانیہ میں اس وقت شروع کی گئی تھی جب وہاں پر کورونا کیسز میں کمی دیکھی گئی تھی اور فلم کی ٹیم گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ایک سین کی شوٹنگ کے لیے سیٹ تیار کرنے میں مصروف تھی۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق 'مشن امپوسبل 7' کا ایک مہنگا اور خطرناک ترین سین ریاست انگلینڈ کے علاقے آکسفورڈشائر کے جنگلات میں شوٹ کیا جانا تھا، جس کے لیے فلم کی ٹیم نے 6 ہفتوں کی مسلسل محنت اور کروڑوں روپے کے اخراجات سے سیٹ تیار کیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ سین کے لیے جنگلات میں مہنگے سامان سے ایک پل تیار کیا گیا اور وہاں پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے موٹر سائیکلوں کو پہنچایا گیا تھا۔

تاہم جب فلم کی ٹیم نے مذکورہ سین کو منصوبے کے تحت شوٹ کرنا شروع کیا تو شوٹنگ کے عین درمیان اچانک موٹر سائیکل کے ٹائروں میں آگ لگ گئی اور پورا سیٹ خراب ہوگیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل پر اسٹنٹ کرنے والے اسٹنٹ مین کو بڑی مہارت سے زخمی ہونے سے بچا لیا گیا اور جیسے ہی موٹر سائیکل میں آگ لگی تو اسٹنٹ مین کو رسیوں کی مدد سے اٹھالیا گیا اور موٹر سائیکل سیٹ سے کچھ فاصلے پر جاکر گری۔

مذکورہ سین کے لیے جہاں فلم کی ٹیم نے کئی ہفتوں تک محنت کی، وہیں موٹر سائیکل کی خریداری، اسے مذکورہ جگہ پر پہنچانے، اسٹنٹ مین کی فیس اور سین کے لیے بنائے گئے سیٹ کی تیاری پر کم از کم 20 لاکھ پاؤنڈ خرچ ہوئے تھے۔

مذکورہ سین کے لیے 26 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کا خرچ آیا جو پاکستانی 44 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ اسپلیش نیوز
فوٹو بشکریہ اسپلیش نیوز

اس فلم کی تیاری کے لیے پروڈکشن ٹیم کو بھی ایک عجیب 'مشن امپوسبل' کا سامنا ہے اور وہ ہے ایک قصبے کے تاریخی پل کو ٹام کروز کے ہاتھوں تباہ کرانے کے لیے وہاں کے رہائشیوں کو قائل کرنا۔

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک پولینڈ کا ایک قصبہ میں پروڈکشن ٹیم کو ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل مشن کا سامنا ضرور ہے، کیونکہ اسے صوبہ سیلیزیا کے قصبے ولین کے رہائشیوں کو قائل کرنا ہے کہ وہ ٹام کروز کو وہاں کے ایک متروک ریلوے برج کو اڑانے دیں۔

پولینڈ کے ڈپٹی ثقافتی وزیر پال لیوانڈسکی کا کہنا ہے کہ اس پل کو قومی یادگار کا درجہ حاصل نہیں جبکہ فلم کے دوران اسے کم از کم حد تک تباہ کیا جائے گا اور پورا پل متاثر نہیں ہوگا۔

یہ فلم ٹام کروز کی ایکشن سیریز 'مشن امپوسبل' کی ساتویں فلم ہے، اس سیریز کی چھٹی فلم 2018 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس کی شوٹنگ کے دوران بھی کئی خطرناک مناظر کے دوران خود ٹام کروز بھی زخمی ہوگئے تھے۔

اس سیریز کی پہلی فلم مشن امپاسیبل کے نام سے 1996 میں آئی تھی، دوسری چار سال بعد سال 2000، تیسری 2006، چوتھی 2011، پانچویں فلم 2015 میں اور چھٹی فلم 2018 میں 'مشن امپاسیبل: فال آؤٹ' کے نام سے ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی ساتویں فلم میں ٹام کروز کے ساتھ اداکارہ ونیسا کربی، ربیکا فرگوسن، ہائلے ایٹویل، سائمن پیگ اور ہینری زیمی سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024