• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبر پختونخوا کے ہاتھوں سندھ کو شکست، بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا

شائع October 5, 2020 اپ ڈیٹ October 6, 2020
شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر
شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:پی سی بی ٹوئٹر

شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی طرز کرکٹ میں چار مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے اہم میچ میں سندھ کے خلاف خیبرپختونخوا کو کامیابی دلا دی۔

ملتان میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان نے شان دار اننگز کھیلی جو جیت کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

خرم منظور 4 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر 19 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان کا ساتھ دینے اعظم خان آئے جو 3 رنز بنا سکے۔

مزید پڑھیں:شاہین شاہ آفریدی کا ٹی ٹوئنٹی میں 4 مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کا ریکارڈ

کپتان سرفراز بھی شرجیل کے ساتھ زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہ ہوسکے اور صرف 2 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے چٹان بننے والے شرجیل کے ساتھ پانچویں وکٹ میں احسان علی نے شراکت قائم کی، دونوں بلے بازوں نے اسکور 165 تک پہنچایا۔

سندھ کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز احسان علی تھے جو 42 رنز بنا کر آصف آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

انور علی نے 12 اور دانش علی نے آؤٹ ہوئے بغیر 6 رنز بنائے۔

شرجیل خان نے 7 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 90 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور سندھ کا اسکور 183 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی نے 21 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ سب سے زیادہ پانچ مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ سری لنکا کے لاستھ ملینگا کے پاس ہے۔

سندھ کے خلاف شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد خیبرپختونخوا کے بلے بازوں نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو باآسانی کامیابی دلائی۔

محمد رضوان 24 کے اسکور پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد محمد حفیظ اور فخر زمان نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 124 رنز تک پہنچایا اور دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔

فخر زمان 61 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر خرم منظور کو وکٹ دے گئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

محمد حفیظ اور افتخار احمد نے ناقابل شکست اننگز کھیلی اور 19 اوورز میں 184 رنز بنا کر ٹیم کو 8 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

محمد حفیظ نے 72 اور افتخار احمد نے 40 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔

شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بلوچستان کا سینٹرل پنجاب سے مقابلہ

دوسرے میچ میں بلوچستان اور ٹورنامنٹ میں اب تک ناقص کارکردگی دکھانے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوا۔

بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن امام الحق کی 80 رنز کی اننگز کے باوجود ان کے بلے باز ایک بڑا اسکور بنانے میں ناکام ہوئے۔

امام الحق اور اویس ضیا نے 63 رنز کا بہترین آغاز کیا اور اویس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے لیے انہوں نے 15 گیندوں کا سامنا کیا لیکن قاسم اکرم کی فیلڈنگ پر رن آؤٹ ہوئے۔

کپتان حارث سہیل نے 23 رنز بنا کر امام الحق کا 104 رنز تک ساتھ دیا جبکہ بسم اللہ خان 2، عمران بٹ اور عماد بٹ ایک ایک، یاسر شاہ صفر اور عمید وسیم 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی نصف سنچری بنانے والے امام الحق نے اپنی بیٹنگ آخر تک جاری رکھی جبکہ کاشف بھٹی نے آخری اوور میں 8 رنز بنائے۔

بلوچستان کی ٹیم نے 131 پر 6 وکٹیں گرنے کے باوجود مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔

امام الحق نے آؤٹ ہوئے بغیر 55 گیندوں پر 80 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے احسان عادل نے سب سے زیادہ 3 اور ظفر گوہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل اور عابد علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 3.4 اوورز میں 33 رنز بنائے، اس موقع پر کامران اکمل 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عابد علی نے اس کے بعد سست بیٹنگ کی اور 20 گیندوں پر 19 رنز بنائے لیکن وہ 63 کے مجموعے تک وکٹ پر موجود رہے جبکہ دوسرے اینڈ سے عبداللہ شفیق اننگز کو آگے بڑھاتے رہے۔

عابد علی کے آؤٹ ہونے کے بعد عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کے لیے رضوان حسین کریز پر آئے تاہم 115 کے مجموعے پر ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث سینٹرل پنجاب کی رنز بنانے کی رفتار کم ہوگئی جو اس کی شکست کا باعث بنی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بنا سکی۔

یوں بلوچستان نے 3 رنز سے یہ مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

سینٹرل پنجاب کے عبداللہ اشفاق 41 گیندوں میں 54 رنز بنا کر سب سے نمایاں رہے۔

بلوچستان کے عمر گل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عمدہ باؤلنگ پر عمر گل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024