• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان میں کورونا وائرس سے 3 لاکھ کے قریب مریض صحتیاب، فعال کیسز 9 ہزار سے زائد

شائع October 5, 2020
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم گزشتہ کچھ روز سے ملک کے مختلف حصوں میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن بھی لگا دیا گیا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 15 ہزار 541 ہے جس میں سے 2 لاکھ 99 ہزار 836 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 519 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 5 اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 541 مریضوں اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 868 افراد شفایاب بھی ہوگئے.

ان مجموعی کیسز میں بلوچستان کے 28 کیسز گزشتہ روز کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 399 ہوگئی۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 252 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 593 ہوگئی۔

سندھ میں وبا سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2523 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 7 ہزار 993 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 129 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 99 ہزار 941 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 23 افراد کو متاثر کیا۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 789 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے وبا کے 29 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 105 ہوگئی۔

صوبے میں پیر کو وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، یوں خیبر پختونخوا میں اموات کی مجموعی تعداد 1262 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 24 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 24 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 852 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کے بعد مجموعی اموات 89 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 46 نئے مریض سامنے آئے۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 862 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 868 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 868 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 836 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 315541

اموات: 6519

صحتیاب: 299836

فعال کیسز: 9186

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 593 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد99 ہزار 941 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 105 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 399 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 789، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 852 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 862 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2523

پنجاب: 2240

خیبرپختونخوا: 1262

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 183

گلگت بلتستان: 89

آزاد کشمیر: 76

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024