• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

سابق گورنر سندھ محمد زبیر، نواز شریف، مریم نواز کے ترجمان مقرر

شائع October 5, 2020
مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد زبیر پارٹی قائد اور مریم نوازشریف سے متعلق ترجمانی کی ذمہ داری انجام دیں گے—فائل فوٹو:ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد زبیر پارٹی قائد اور مریم نوازشریف سے متعلق ترجمانی کی ذمہ داری انجام دیں گے—فائل فوٹو:ڈان نیوز

سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز شریف کا ترجمان مقرر کردیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’محمد زبیر پارٹی قائد اور مریم نوازشریف سے متعلق ترجمانی کی ذمہ داری انجام دیں گے’۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کی مرکزی ترجمان اور سینٹرل انفارمیشن سیکریٹری کی سربراہی میں اسپوکس پرسنز کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ’ڈاکٹر مصدق ملک، محسن رانجھا، طلال چوہدری، عظمٰی بخاری اور عطااللہ تارڑ شامل ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: محمد زبیر نے نواز شریف،مریم نواز سے متعلق آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

خیال رہے کہ محمد زبیر کا بطور ترجمان تقرر ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب تقریباً 2 ہفتے قبل پاک فوج نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے 2 مرتبہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی سیاسی اور قانونی مشکلات پر بات چیت کی۔

ترجمان پاک فوج جنرل بابر افتخار نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’محمد زبیر نے 2 مرتبہ آرمی چیف سے ملاقات کی، ایک اگست کے آخری ہفتے میں اور اس کے بعد آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی موجودگی میں 7 ستمبر کو کی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ دونوں ملاقاتیں محمد زبیر کی درخواست پر ہوئی تھیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ’ان ملاقاتوں میں انہوں (زبیر) نے نواز شریف اور مریم نواز کے حوالے سے گفتگو کی تھی‘۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف سے ملاقات نواز شریف یا مریم نواز کی درخواست پر نہیں کی، محمد زبیر

بعدازاں ایک ٹیلی ویژن پروگرام میں شرکت اور اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی انہوں نے فوج کی قیادت سے اپنے رابطے کی تصدیق کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ معاشی معاملات پر بات چیت کے لیے گئے تھے۔

تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ بات چیت کے دوران نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کا بھی تذکرہ ہوا تھا۔

خیال رہے کہ محمد زبیر فروری 2017 کو سندھ کے 32 ویں گورنر بنے تھے، انہوں نے یہ منصب جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی کی وفاقت کے بعد سنبھالا تھا۔

تاہم انہوں نے جولائی 2018 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:جماعت کا کوئی رکن آئندہ عسکری قیادت سے غیر اعلانیہ ملاقات نہیں کرے گا، نواز شریف

گورنر سندھ بننے سے پہلے محمد زبیر چیئرمین نجکاری کمیشن تھے اور اس سے قبل جولائی تا دسمبر 2013 ان کے پاس بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین کا عہدہ تھا اور وہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے بھائی بھی ہیں۔

قبل ازیں سال 13-2012 میں وہ مسلم لیگ (ن) کی معاشی، ٹیکس اصلاحات اور میڈیا کمیٹیوں کا حصہ تھے۔

نجکاری کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق حکومت کے لیے کام کرنے سے قبل محمد زبیر آئی بی ایم میں کام کرتے تھے جہاں انہوں نے 2007 تک اپنے 26 سالہ کیریئر میں متعدد عہدوں پر کام کیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024