• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی یکجہتی ریلی: شہر سے تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کردیں گے، نثار کھوڑو

شائع October 4, 2020
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے بعد اب ہر ایک کراچی کے مینڈیٹ کو ہائی جیک کرنا چاہتا ہے —فوٹو: بشکریہ: ٹوئٹر
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے بعد اب ہر ایک کراچی کے مینڈیٹ کو ہائی جیک کرنا چاہتا ہے —فوٹو: بشکریہ: ٹوئٹر

کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ’کراچی یکجہتی‘ ریلی میں پارٹی رہنماؤں نے شہر سے تقسیم کی سیاست کے خاتمے کا اعادہ کیا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور وزیر تعلیم سعید غنی کی قیادت میں عائشہ منزل سے ایمپریس مارکیٹ تک ’کراچی یکجہتی‘ ریلی نکالی گئی۔

مزید پڑھیں: 'تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے کام نہ کیا تو کراچی کے عوام سے جوتے پڑیں گے'

ریلی سے نثار کھوڑو، سعید غنی سمیت متعدد رہنماؤں نے خطاب کیا جبکہ جیالوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔

نثار کھوڑو نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پر قبضے کی خواہش کرنے والے خواب دیکھنا چھوڑ دیں کیونکہ نفرت کی سیاست کرنے والوں نے 3 نسلیں تباہ کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہل شہر نے نفرت کرنے والوں کو نظر انداز کیا ہے اور اب کراچی والے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ووٹ دیں تو وہ کراچی کو بدل دیں گے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ پر کوئی بُری نظر ڈالتا ہے تو لوگ اس کو مسترد کرتے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت نے بدلے کی سیاست کے بجائے کراچی میں امن کا بیڑا اٹھایا اور کراچی میں امن بحال کیا۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی سے وابستگی کی وجہ سے ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عزیر بلوچ

انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے بعد اب ہر ایک شہر کے مینڈیٹ کو ہائی جیک کرنا چاہتا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو بہت عرصہ تک لندن سے چلانے کے بعد اب شہر کو بنی گالہ سے چلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

نیا صوبہ بنانے کی بات کرنے والوں کے خلاف ہیں، سعید غنی

صوبائی وزیر تعلیم سیعد غنی نے کہا کہ ’آج کی یکجہتی ریلی میں تمام زبانیں بولنے والے شریک ہیں جس سے ثابت ہوگیا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کو تقسیم کرنے کے خلاف ہے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ریلی کسی پارٹی کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ نفرت کی سیاست اور وزیر اعظم عمران خان کے بیان کے خلاف ہے جنہوں نے یہ کہا تھا کہ ’اندرون سندھ کے لوگ‘ کراچی پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

سعید غنی نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف ایک ’نئی ایم کیو ایم ‘ کے طور پر ابھری ہے لیکن عوام مزید نفرت، نسل اور تفرقہ بازی کو برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: '11 اکتوبر کو ایک تاریخی جلسہ ہوگا'

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کراچی کے حقوق ملیں گے لیکن ہم ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف نہیں ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف ہیں جو سندھ کو علیحدہ کرنے اور نیا صوبہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی یکجہتی ریلی سندھ کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے لیے ’نوشتہ دیوار‘ ہوگی اور اس ریلی کا مقصد نسلی سیاست کو ناکام بنانا تھا۔

سعید غنی نے کہا کہ اس کامیاب ریلی میں تمام قومیتوں اور زبانوں کے لوگوں نے شرکت کی جو سندھ کے خلاف سازش کے خلاف ریفرنڈم بن جائے گی۔

قبل ازیں کورونا وائرس کے پیش نظر ریلی کے شرکا میں ڈاکٹرز فورم کی جانب سے فیس ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024